Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دلکش راستوں، خوبصورت مناظر اور تاریخی مقامات کے بیچ العلا کا یادگار سفر

العُلا کا سفر اپنے آپ میں ایک بھرپور تجربہ ہو سکتا ہے جہاں جدہ، مدینہ منورہ اور تبوک سے زمینی راستے مسافروں کو مملکت سعودی عرب کے متنوع قدرتی اور ثقافتی مناظر کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ان علاقوں سے بحیرۂ احمر کے ساحل، آتش فشانی علاقے اور وسیع صحرائی مناظر  اور اہم سیاحتی و تاریخی مقامات نظر آتے ہیں جس سے العُلا تک کا سفر سعودی عرب کے پوشیدہ خزانوں کو دریافت کرنے کا ایک بہترین موقع بن جاتا ہے۔
العُلا کو ان تینوں شہروں سے ملانے والی شاہراہوں کا وسیع نیٹ ورک، ساتھ ہی کار کرائے پر لینے کی سہولت، سیاحوں کو اپنی سہولت اور پسند کے مطابق راستے کا انتخاب کرنے اور دورانِ سفر مختلف مقامات پر رک کر انہیں دیکھنے کا زیادہ موقع فراہم کرتی ہے۔
پہلا راستہ جدہ سے العُلا تک بحیرۂ احمر کے ساحل کے ساتھ چلتا ہے۔ یہ راستہ ساحلی پٹی کے ساتھ آگے بڑھنے کے بعد مشرق کی جانب تاریخی نخلستان کی طرف جاتا ہے اور راستے میں کئی ساحلی مقامات سے گزرتا ہے۔
دوسرا راستہ مدینہ منورہ کو خیبر کے راستے العُلا سے ملاتا ہے جہاں راستے میں ارضیاتی مناظر، تاریخی ورثے اور نخلستانی ثقافت کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملتا ہے۔ تقریباً 383 کلومیٹر طویل یہ راستہ چار سے پانچ گھنٹے میں طے کیا جا سکتا ہے۔

تیسرا راستہ ایک مختلف تجربہ پیش کرتا ہے جو مسافروں کو تبوک سے العُلا تک شمالی سعودی عرب کے وسیع صحرائی مناظر کے درمیان سے گزارتا ہے۔ 295 کلومیٹر طویل یہ راستہ تقریباً چار گھنٹے میں طے کیا جا سکتا ہے جہاں راستے بھر کشادہ سڑکوں کے ساتھ دور تک پھیلے ہوئے دلکش قدرتی مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔
مجموعی طور پر، العُلا تک جانے والے یہ زمینی راستے مملکت سعودی عرب کے متنوع قدرتی مناظر کو اجاگر کرتے ہیں جن میں جدہ کے شمال میں واقع بحیرۂ احمر کا ساحلی علاقہ، خیبر کے آتش فشانی مناظر اور تبوک کے جنوب میں پھیلے وسیع صحرائی افق شامل ہیں۔ یہ راستے سیاحوں کو العُلا کے نخلستان تک پہنچنے سے پہلے مختلف مقامات اور اہم قدرتی و تاریخی آثار کو دیکھنے اور دریافت کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

یہ تجربہ العُلا پہنچنے کے بعد بھی جاری رہتا ہے  جہاں اندرونی سڑکوں اور راستوں کا ایک وسیع نیٹ ورک ایسے مناظر سے گزرتا ہے جہاں نخلستان، پہاڑوں، چٹانی تشکیلوں اور آثارِ قدیمہ و تاریخی ورثے کے مقامات سے ملتا ہے۔ یہ راستے مختلف قدرتی اور ثقافتی مقامات تک رسائی فراہم کرتے ہیں جبکہ سال بھر العُلا میں پیش کیے جانے والے متنوع تجربات سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی دیتے ہیں۔
العُلا کا سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے سیاح دستیاب راستوں کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں، اپنے سفر کی منصوبہ بندی کر سکتے ہیں جبکہ رہائش اور سیاحتی تجربات کی بکنگ بھی اِکسپیریئنس العلا ویب سائٹ کے ذریعے کر سکتے ہیں۔

شیئر: