سعودی عرب میں منگل سے سنیچر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلو ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں منگل سے آئندہ سنیچر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مکہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ، الکامل، الجموم، بحرہ، القنفذہ، اللیث، طائف، میسان، اضم اور العرضیات بارش کی زد میں رہیں گے۔ سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد آلو ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مدینہ منورہ، جازان، عسیر اور الباحہ ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش جبکہ نجران ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔
ڈائریکٹوریٹ نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
ڈائریکٹوریٹ کے بیان کے مطابق سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
