بریدہ لائیو سٹاک سٹی مملکت میں مویشیوں کی تجارت کا سب سے بڑا مرکز
لائیو سٹاک سٹی میں سالانہ چار لاکھ 88 ہزار 735 مویشی لائے جاتے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
بریدہ میں لائیو سٹاک سٹی مملکت میں مویشیوں کی تجارت کا اہم مرکز ہے۔ قصیم ریجن کے علاوہ دیگر علاقوں سے بھی مویشیوں کے تاجر بڑی تعداد میں یہاں کا رخ کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق لائیو سٹاک سٹی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ فوڈ سکیورٹی میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
لائیو سٹاک سٹی چھ لاکھ 32 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر قائم ہے۔ یہاں بھیڑ بکریاں، گائے، اونٹ اور پرندوں کی تجارت کے لیے مخصوص حصے ہیں۔ اس کے علاوہ جامع خدمات اور تجارتی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
یہاں جدید طرز کا سلاٹر ہاؤس بھی موجود ہے جس کا رقبہ 17 ہزار 428 مربع میٹر پر محیط ہے۔ مویشیوں کے حوالے سے ویٹرنری کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
لائیو سٹاک سٹی سالانہ چار لاکھ 88 ہزار 735 مویشی لائے جاتے ہیں جو یہاں وسیع تجارتی سرگرمیوں، علاقائی و ملکی سطح پر مویشیوں کی سپلائی چین میں اس کے اہم کردار کو اجاگر کرتی ہے۔
قصیم ریجن میں وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کے ریجنل معاون ڈائریکٹر جنرل انجینیئر محمد الدریبی نے بتایا کہ بریدہ لائیو سٹاک سٹی خطے میں مویشیوں کے شعبے کے نظام کا اہم ستون ہے۔

مویشیوں کی تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ یہ سٹی تقریباً 600 سیزنل ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کرتا ہے جس سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
