Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض گلوبل میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی سمٹ شروع، ماہرین، سائنسدانوں اور سرمایہ کاروں کی شرکت

سعودی دارالحکومت ریاض میں چوتھی ریاض گلوبل میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی سمٹ اور ایکسپو کا آغاز ہو گیا ہے جس میں دنیا بھر سے ماہرین، سائنسدان، سرمایہ کار اور بائیو ٹیکنالوجی سے وابستہ ادارے شرکت کر رہے ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ سرپرستی گلوبل میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی ایکسپو کے مہمان خصوصی سعودی نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز تھے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری تین روزہ عالمی سمٹ میں میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی، جینومکس، مصنوعی ذہانت، جین اور سیل تھراپی، بائیو مینوفیکچرنگ اور جدید طبی تحقیق سمیت مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
سمٹ کا مقصد سعودی عرب کو عالمی بائیو ٹیکنالوجی مرکز کے طور پر مستحکم کرنا، تحقیق، سرمایہ کاری اور صنعتی پیداوار کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے۔
رواں برس سمٹ میں بائیو اکانومی بھی خصوصی اہمیت رکھتی ہے جس کے ذریعے حیاتیاتی علوم اور بائیو ٹیکنالوجی کو صحت، صنعت، زراعت، خوراک اور پائیدار اقتصادی ترقی سے جوڑنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بائیو ٹیکنالوجی اور بائیو بیسڈ صنعتوں میں سرمایہ کاری سعودی معیشت کو متنوع بنانے، نئی ٹیکنالوجیز کو مقامی سطح پر فروغ دینے اور مستقبل کی اعلیٰ قدر والی صنعتوں کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ریاض میں جاری اس عالمی پلیٹ فارم میں 70 سے زائد ممالک کے وفود، 100 سے زیادہ مقررین اور 200 سے زائد بائیوٹیکنالوجی و ہیلتھ کیئر برانڈز بھی شریک ہیں۔

شیئر: