حج کانفرنس و نمائش کا چھٹا ایڈیشن جو عازمین کی خدمات میں جدت کو اجاگر کرے گا
کانفرنس کا چھٹا ایڈیشن 8 سے 11 نومبر تک جدہ میں جاری رہے گا ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت حج شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں حج کانفرنس و نمائش کے چھٹا ایڈیشن کا انعقاد کرے گی جو 8 سے 11 نومبر تک جدہ میں ہو گا۔
خدمتِ ضیوف الرحمان پروگرام (پلگرم ایکسپیرینس پروگرام) کے اشتراک سے ہونے والے اس ایونٹ میں سرکاری، نجی اور غیر منافع بحش شعبوں کے 520 سے زائد مقامی اور بین الاقوامی ادارے اور پالیسی میکرز اکھٹے ہوں گے۔
اس کانفرنس کا مقصد ایک ایسا عالمی پلیٹ فارم تشکیل دینا ہے جو سٹیک ہولڈرز کو اکھٹا کرے، مقامی اور بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط اور زائرین کے لیے خدمات کو بہتر بنائے۔
ریسرچرز، کاروباری افراد اور انویٹرز مختلف چیلنجز پر بات کریں گے۔ اس کے ساتھ زائرین کی خدمات کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
یہ ایونٹ حج امور کے دفاتر اور بین الاقوامی وفود کو مکہ اور مدینہ کے تجربات سے بھی متعارف کرائے گا۔
کانفرنس کے ساتھ ایک نمائش کا انعقاد کیا جائے گا جس میں 150 سے زائد ممالک کی تنظیمیں اور حج سے متعلق خدمات فراہم کرنے والے ادارے شریک ہوں گے۔
اس ایونٹ کا مقصد حج خدمات کے ماحولیاتی نظام میں ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، شراکت داری کی سپورٹ اورعازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بڑھانا ہے۔

یاد رہے گزشتہ ایڈیشن نے دو لاکھ چار ہزار سے زیادہ وزیٹرز کو متوجہ کیا اور 105 سے زیادہ ملکوں کے 270 سے زائد نمائش کنددگان شریک ہوئے۔
اس میں 134 خصوصی سیشنز اور ورکشاپس شامل تھیں جبکہ اس کے تربیتی پروگراموں سے دنیا بھر کے دو ہزار سے زائد شرکا نے فائدہ اٹھایا۔
کانفرنس و نمائش ایک ایسا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جو حج و عمرہ شعبے کے ماہرین اورمختلف ملکوں کی تنظیموں کے نمائندوں کے ایک منتخب گروپ کو ایک جگہ جمع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے عازمین حج کی سہولت کے لیے جدید ترین حل اور اختراعات کا جائزہ لیتے ہوئے سرکاری، نجی اور غیرمنافع بخش شعبوں کے مابین موثر تعاون و شراکت داری کو قائم کیا جائے۔
