Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کانفرنس و نمائش میں ’انوویشن زون‘ مستقبل کی خدمات کو اجاگر کرے گا

اس سال کانفرنس ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ وزیٹرز کو متوجہ کرے گی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ حج وعمرہ اور کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن فار ریسرچ اینڈ آرکائیوز نے سنیچر کو ایک پریس بریفنگ میں پانچویں حج کانفرنس و نمائش کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ میں ’مکہ سے دنیا تک‘ کے سلوگن کے تحت چار روزہ حج کانفرنس و نمائش کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز اتوار 9 نومبر سے ہورہا ہے جو 12 نومبر تک جاری رہے گی۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت حج  کے سرکاری ترجمان ڈاکٹرغسان النویمی اورکنگ عبدالعزیز فاونڈیشن کے ترجمان سلطان العویرضی نے پریس بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا ’کانفرنس ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ وزیٹرز کو متوجہ کرے گی جو گزشتہ برس کے ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ ہے۔‘
حج کانفرنس و نمائش 60 ہزار مربع میٹر کے رقبے پھیلی ہوئی ہے جو حج سے متعلق 18 شعبوں کا احاطہ کرے گی۔
کانفرنس کے شرکا، 225 سپیکرز، 270 نمائش کنندگان کے ساتھ 143 خصوصی سیشنز سے فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ دنیا بھر سے دو ہزار 400 ٹرینیز کی شرکت بھی متوقع ہے۔
وزارت حج  کے ترجمان ڈاکٹر غسان النویمی نے بتایا’ یہ کانفرنس، عازمین حج کے تجربے کو بہتر بنانے اور تجربات کے تبادلے کےلیے ایک اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے۔ اس کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کےلیے ٹیکنالوجی، انفرا سٹرکچر اور انسانی وسائل کو مربوط کرنا ہے۔‘
کانفرنس کی خاص بات ’انوویشن زون‘ ہے جو مصنوعی ذہانت، پائیدار انجینیئرنگ اور کراوڈ منیجمنٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے مستقبل کی خدمات کو اجاگر کرے گا۔
کنگ عبدالعزیز فاونڈیشن کے ترجمان سلطان العویرضی نے بتایا ’حج کی تاریخ اور دو مقدس مساجد کے فورم میں ریسرچر حج کے ارتقا کو دستاویزی شکل دینے میں ٹیکنالوجی کے کردار کا جائزہ لیں گے۔
دو مقدس مساجد کی ایک صدی سے جاری دیکھ بھال کے حوالے سے ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ نایاب دستاویزات، تصاویر ایک بھر پور تاریخی سفر پیش کرتی ہیں جو اسلامی ورثے کے تحفظ کے لیے مملکت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے نمائش و کانفرنس کا انعقاد مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے جس کا مقصد عازمین حج و عمرہ زائرین کو اس سفر مقدس میں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
کانفرنس و نمائش ایک ایسا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جو حج و عمرہ شعبے کے ماہرین اورمختلف ممالک کی تنظیموں کے نمائندوں کے ایک منتخب گروپ کو ایک جگہ جمع کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ عازمین حج کی سہولت کے لیے جدید ترین حل اور اختراعات کا جائزہ لیتے ہوئے سرکاری، نجی اور غیرمنافع بخش شعبوں کے مابین موثر تعاون و شراکت داری کو قائم کیا جائے۔
 حج کانفرنس و نمائش کے گزشتہ ایڈیشن میں 220 کمپنیوں اور اداروں نے شرکت کی تھی جبکہ حج سیزن کے حوالے سے متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔

 

شیئر: