191 دن کی نگہداشت کے بعد سبز سمندری کچھوے کو بحیرۂ احمر میں چھوڑ دیا گیا
فاؤنڈیشن سائنسی بنیادوں پر بحالی کے پروگراموں کو فروغ دے رہی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
پیپلز کورل اینڈ ٹرٹلز فاؤنڈیشن نے 191 دن کی نگہداشت کے بعد ایک بالغ مادہ سبز سمندری کچھوے کو بحیرۂ احمر میں ثول کے ساحل کے قریب اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا۔
ایس پی اے کے مطابق ویٹرنری ٹیم نے کچھوے کو اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑنے سے قبل مکمل معائنہ کرنے کے بعد اس کی صحت کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔
کچھوے کو 191 دن تک بحالی کے مرکز میں زیرِ علاج رکھا گیا تھا جس کے لیے اسے مقررہ طبی پروگرام سے گزارا گیا۔
کچھوے کو کامیابی سے سمندر میں واپس چھوڑنا فاؤنڈیشن کی جانب سے سمندری کچھوؤں اور ان کے قدرتی مسکن کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔
فاؤنڈیشن سائنسی بنیادوں پر ریسکیو، ویٹرنری نگہداشت اور بحالی کے پروگراموں کو فروغ دے رہی ہے تاکہ زخمی یا بیمار جانداروں کو دوبارہ ان کے قدرتی ماحول میں چھوڑا جا سکے۔

فاؤنڈیشن بحیرۂ احمر میں سمندری کچھوؤں کی نگرانی اور ہنگامی صورتحال میں فوری رد عمل کے لیے ایک قومی نظام بھی تشکیل دینے پر کام کر رہی ہے جس میں ریسکیو، علاج، بحالی اور سائنسی نگرانی کے مراحل شامل ہوں گے۔
اس نظام کا مقصد بروقت کارروائی اور طبی نگہداشت کی استعداد بہتر بنانا اور سعودی عرب کے ساحلوں پر زخمی یا بیمار سمندری کچھوؤں کو ریسکیو کرکے ان کے علاج معالجے کو یقینی بنانا ہے۔
