حائل: سینٹرل ایریا ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ جو معیار زندگی کو بہتر بنا رہا ہے
گورنرحائل شہزادہ عبدالعزیز بن سعد بن عبدالعزیز نے منصبے کا افتتاح کیا( فوٹو: ایس پی اے)
گورنرحائل ریجن شہزادہ عبدالعزیز بن سعد بن عبدالعزیز نے سینٹرل ایریا ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر نائب گورنر حائل شہزادہ فیصل بن فھد بن مقرن بن عبدالعزیز اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود تھے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گورنر حائل اور ان کے ہمراہ وفد کو علاقے کی ترقیاتی مراحل کی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں تعمیراتی مراحل اور ہونے والی نمایاں تبدیلیوں کو اجاگر کیا گیا۔
میئر حائل انجینیئر سلطان الزایدی نے منصوبے کی سرپرستی کرنے پر گورنر حائل اور نائب گورنر کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ یہ منصوبہ معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اس کے تحت عوامی مقامات کو ترقی دی گئی ہے۔
گورنر حائل نے مرکزی علاقے کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی تفریحی سہولتوں، تجارتی مراکز اور ریستورانوں کا جائزہ لیا۔
حائل ریجن کا سینٹرل ایریا ڈیویلپمنٹ پروجیکٹ ایک اہم شہری ترقیاتی منصوبہ ہے جو سات لاکھ 50 ہزار مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر محیط ہے۔ منصوبے پر 268 ملین ریال لاگت آئی ہے۔
اس کا مقصد شہر کے مرکزی علاقے میں معیار زندگی کو بہتر بنانا اور ایک ایسا مربوط شہری ماحول تیار کرنا ہے جو سماجی، ثقافتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دے سکے۔

چھ اہم شاہراہوں سے منسلک یہ منصوبہ ایک جامع ترقیاتی تبدیلی کی عکاسی کرت ہے جس نے شہری منظر نامے کو ایک نیا روپ دیا ہے۔
30 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر سبزہ زار موجود ہیں جہاں 3 ہزار کے قریب درخت لگائے گئے۔
12 کلو میٹر طویل واک ویزے کے ساتھ سائیکلنگ کے لیے 6 کلومیٹر کا ٹریک بنایا گیا ہے جبکہ 13 ہزار مربع میٹر پر اوپن تھیڑ اور 12 ہزار مربع میٹر پر انٹرایکٹو فاؤنٹین کے ذریعے روز مرہ کی سرگرمیوں اور سماجی میل جول کے لیے ایک بہترین ماحول تخلیق کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ سینٹرل ایریا کی تعمیراتی شناخت، اس کی تاریخی اور تجارتی اہمیت کو برقرار رکھتے ہوئے واک ویز کے ذریعے بازاروں اور دیگر سہولتوں کو آپس میں جوڑتا ہے۔

یہاں آنے والوں کی سہولت کے لیے 1500 کار پارکنگ کی گنجائش موجود ہے۔ کمرشل ایریا میں مختلف دکانیں، ریستوران اور کیفے کے علاوہ عوامی تقریبات کے لیے 2 لاکھ 50 ہزار مربع میٹر جگہ مخصوص کی گئی ہے۔
ں جدید انتظامی اور آپریشنل سسٹم، جدید لائٹنگ، پبلک انٹرنیٹ اور وائی فائی کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی موجود ہے۔ یہ اقدام سعودی وژن 2030 کے ان اہداف کے مطابق ہے جس کا مقصد شہروں میں معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
