جیزان واٹر فرنٹ: شہری منظرنامے اور بحیرہٴ احمر کے نظاروں کا حسین سنگم
جیزان میں 10 لاکھ مربع میٹر پر پھیلا ہوا واٹر فرنٹ شہری خوبصورتی کے ساتھ فیملیز، سپورٹس اور فطرت سے محبت کرنے والے افراد کے لیے ایک بہترین ساحلی تفریحی مقام ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بحیرہٴ احمر کے ساحل پر واقع اس مقام پر کشادہ سبزہ زار، پبلک سکوائر، واکنگ ٹریکس، چلڈرن پلے گراؤنڈ اور سماجی تقریبات کے لیے مقامات موجود ہیں۔
فلیگ سکوائر یہاں کا نمایاں مقام ہے جہاں قومی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ میونسپلٹی کی جانب سے ان خوبصورت باغات اور سبزہ زاروں کی مسلسل دیکھ بھال کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ ان کی ہریالی برقرار رہے اور ہرعمر کے افراد کو تفریح کے لیے بہترین ماحول مل سکے۔
واٹر فرنٹ روڈ 2.1 کلو میٹر طویل ہے جہاں 280 گاڑیوں کے لیے پارکنگ کا خصوصی انتظام موجود ہے۔ پیدل چلنے والوں کے لیے 10 واک ویز بنائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سمندر کے کنارے 2600 میٹر طویل اور 30 میٹر چوڑا بحری واک وے بنایا گیا ہے۔ اس کے اطراف نشستوں کا بھی بندوبست موجود ہے۔ یہاں آنے والے سکون سے بیٹھ کر بحیرہٴ احمر کے کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

غروب آفتاب کے وقت یہ واٹر فرنٹ تفریح کرنے اور فوٹو گرافی کے شوقین افراد کا مرکز بن جاتا ہے جبکہ رات کو روش راستے اور سکوائر تفریح کے لیے ایک پر کشش ماحول فراہم کرتے ہیں۔ یہاں موجود کیفے اور ریستوران اس تجربے کو مزید یادگار بنا دیتے ہیں۔
جیزان میونپسلٹی سیاحتی منصوبوں اور تفریح کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔ یہ مواقع شہری منظرنامے اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ معاشی سرگرمیوں، بہتر خدمات، معیار زندگی اور سیاحت کے فروغ کے لیے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
