یمنی فورسز نے مآرب میں حوثیوں کے ٹھکانوں اور کمک کو نشانہ بنایا
مسلح افواج نے لڑائی کے دوران متعدد حوثی گاڑیوں کو تباہ کردیا ( فائل فوٹو: روئٹرز)
یمنی حکومتی فورسز کی سنیچر کو مآرب میں کئی محاذوں پر حوثی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔ سرکاری فورسز نے شہر کے مغرب میں المشجح محاذ پر پیش قدمی کی اور حوثیوں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔
العربیہ نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا مسلح افواج نے لڑائی کے دوران متعدد حوثی گاڑیوں کو تباہ کردیا۔
جنوبی محاذ پر توپ خانے نے وادی ذنہ اور البلق کے تاریخی اور جغرافیائی مقامات میں حوثیوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
جبکہ فضائی حملوں میں ام الریش اور الجوبہ ڈسٹرکٹ میں 26 ویں بریگیڈ کے سابق کیمپوں کے ساتھ مآرب کے جنوب میں واقع حریب کے علاقے عقبہ ملعا میں بھی حوثیوں کی کمک اور اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا۔
اس سے قبل ایک فوجی ذریعے نے بتایا یمنی فورسز کے حمایت یافتہ مقامی قبائل نے الصبیحہ کے محاذ پر سٹرٹییجک اہمیت کے حامل جبل البازلہ، موقع الظہورہ اور السیبارہ مقامات پر قبضہ کر لیا۔
ذرائع نے بتایا گھنٹوں کی شدید لڑائی کے بعد یہ پیش قدمی ہوئی حوثی فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، جس میں جانی اور ساز و سامان کا نقصان شامل ہیں۔
تعز اور لحج گورنریٹس کے جنوب مغرب میں واقع باب المندب، المضاربہ اور الوزعیہ کے محاذوں پر بھی جھڑپوں کی اطلاع ملی ہے۔
