قرآن مجید کا نایاب نسخہ: عربی خطاطی، نقش و نگار اور زرکاری کے فن کا شاہکار
قرآن کریم کا نایاب نسخہ سیاہ روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں واقع قرآن میوزیم میں رکھے گئے قرآن کریم کے خوبصورت نسخے اس بات کی بہترین مثال ہے کہ گزشتہ ادوار میں مسلمان قرآن کریم کی تحریر، آرائش اور جلد سازی پر کتنی توجہ دیتے تھے۔
ایس پی اے کے مطابق میوزیم میں موجود قرآن مجید کا نسخہ عربی خطاطی کے حسن، حاشے اور زرکاری کے فن کا ایک حسین امتزاج ہے جو قرآن کی کتابت اور اس کی دیکھ بھال کو بیان کرتی ہے۔
نمائش میں موجود قرآن کریم کا نایاب نسخہ سیاہ روشنائی سے تحریر کیا گیا ہے۔ اولین صفحے پر سورۃ الفاتحہ انتہائی نفیس عربی خطاطی میں لکھی گئی۔ باریک نقش ونگار موجود ہیں جس میں تحریر کی ہم آہنگی اور خطاطی کی مہارت کا مظاہرہ نمایاں ہے۔
صفحات کی تزئین و آرائش اور حاشیوں کے علاوہ سونے کے پانی سے ’فواصل‘ (ڈیوائیڈرز) کے لیے خوبصورت نقش و نگار کنندہ کیے گئے ہیں جو صفحات کی دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔

نایاب نسخہ صرف تحریر کی حد تک خوبصورت نہیں بلکہ اس کی بیرونی جلد پر بھی بھرپور توجہ دی گئی ہے جسے گہرے بھورے (ڈارک براؤن) رنگ سے تیار کیا گیا۔ اس پر ابھری ہوئی نقش نگاری اور سجاوٹ منفرد انداز میں کی گئی ہے۔
میوزیم میں موجود قرآن کریم کے نادر و نایاب نسخے تحریر اور خطاطی کی تاریخ کے مختلف مراحل کی بخوبی عکاسی کرتے ہیں۔ ایسی اشیا بھی شامل ہیں جو قرآن کریم کی تاریخ اور اس سے وابستہ فنون کی عکاسی کرتے ہیں۔

نایاب نسخوں میں کوفی خط میں لکھے گئے نسخے اور سنہری نقش و نگار سے مزین صفحات والے نسخے شامل ہیں۔ یہاں قرآن مجید کا ایک ایسا نسخہ بھی موجود ہے جس کے گہرے نیلے صفحات پر سونے سے آیات تحریر کی گئی ہیں۔
