یوم وطنی پر خصوصی سیل: وزارت تجارت کے 14 ہزار سے زائد فیلڈ وزٹ
جمعرات 24 ستمبر 2026 0:05
فیلڈ وزٹ کے دوران قواعد وضوابط کی 819 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزارت تجارت کی خصوصی ٹیموں نے یوم وطنی پر مملکت بھر میں مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز کے 14 ہزار 592 فیلڈ وزٹ کیے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کی ٹیموں نے یوم وطنی پر سیل اور پروموشنز کے قواعد و ضوابط پر پانبدی کی تعمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ صارفین کے حقوق کے تحفظ اور شفافیت کو مانیٹر کیا۔
فیلڈ وزٹ کے دوران اس بات کی تصدیق کی گئی کہ دکانوں میں سیل پرمٹ آویزاں کیے گئے، اشیا پر رعایت سے پہلے اور بعد کی قیمتیں واضح طور پر درج کی گئی ہیں یا نہیں۔
وزارت نے فیلڈ وزٹ کے دوران قواعد وضوابط کی 819 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں۔
صارفین پر زور دیا کہ وہ دکان پر موجود پرمٹ کے بار کوڈ کو سکین کرکے سیل اور پروموشنز کی مدت اور قیمتوں کے بارے میں اطمینان کریں۔
یاد رہے کہ یوم وطنی کے موقع پر 12 ملین سے زائد اشیا پر خصوصی سیل لگائی گئی ہے، یہ اشیا روایتی اور آن لائن سٹورز پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
وزارت کے مطابق 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد تجارتی اداروں اور آن لائن سٹورز کو ’سیل‘ کے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں۔
