پاکستان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، شہباز شریف کا یوم الوطنی کی تقریب سے خطاب
پاکستان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، شہباز شریف کا یوم الوطنی کی تقریب سے خطاب
جمعرات 24 ستمبر 2026 9:45
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں اسلام کے مقدس مقامات کو کسی بھی خطرے کا سامنا ناقابلِ قبول ہے اور اسے ’ریڈ لائن‘ سمجھا جائے گا۔
نیویارک سے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سعودی قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور شہروں پر حالیہ حملوں کی مذمت کی۔
اس تقریب میں سعودی عرب کا 96واں قومی دن منایا گیا جو 1932 میں شاہ عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں مملکت کے اتحاد کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کی حفاظت کے لیے مملکت کے شانہ بشانہ مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘
سعودی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ قومی دن کی تقریب میں قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی وزرا، اعلیٰ حکام، سفارت کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
سعودی سفارت خانہ ہر سال یوم الوطنی کے موقع پر تقریب منعقد کرتا ہے (فوٹو: اے پی پی)
سعودی سفارت خانے کے ناظم الامور نائف بن ملافخ نے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔
تقریب کے دوران ایک خصوصی نغمہ پیش کیا گیا جس میں دونوں ممالک کے گہرے سیاسی اور دفاعی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔