Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ناقابل معافی اقدام‘، شہباز شریف کی مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی سخت مذمت

سعودی دفاعی نظام نے مکہ مکرمہ کی حدود میں گھسنے کی کوشش کرنے والے ڈرون کو تباہ کر دیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مقدس شہر مکہ پر ڈرون حملے کی کوشش کی سخت مذمت کی ہے۔
بدھ کی صبح ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ ’میں مکہ مکرمہ کے مقدس مقام پر ڈرون حملے کی بزدلانہ اور سنگین کوشش کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، اس اشتعال انگیز واقعے پر پاکستان کے عوام انتہائی افسردہ اور پریشان ہیں۔‘
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’اس قابل مذمت اور ناقابل معافی اقدام سے ہمیں جو گہرا دکھ اور صدمہ پہنچا ہے اس کو بیان کرنے کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔ ہم سعودی رائل فورس کی غیرمعمولی چوکسی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر اسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جس نے فوری اور بہادری کے ساتھ کارروائی کی۔‘
انہوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ ’پاکستان برادر اسلامی ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع، حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے ثابت قدمی سے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جسے ہر پاکستانی اپنے دل کے قریب رکھتا ہے۔‘
انہوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ ایک بار پھر تمام فریقوں کو زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید کشیدگی سے پیچھے ہٹنے کی اپیل کرتے ہیں۔
شہباز شریف کے مطابق ’ہمارا خطہ پہلے ہی تنازعات کی وجہ سے بہت نقصان اٹھا چکا ہے۔ بات چیت اور سفارت کاری ہی امن  کے لیے بہترین راستے ہیں۔‘
خیال رہے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون کو مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران سعودی فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق اس ڈرون کو منگل کو سعودی وقت کے مطابق شام چھ بج کر 50 منٹ پر مکہ کے جنوب میں انٹرسیپٹ کیا گیا۔ مکہ مکرمہ وہ مقدس شہر ہے جہاں ہر سال لاکھوں مسلمان آتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بدھ کی صبح ایک بیان میں کہا کہ یہ اقدام سرخ لکیر(ریڈ لائن) ہے۔ ضروری اور سخت اقدامات کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔

شیئر: