پاکستانی عازمین کے لیے گھر بیٹھے حج پیکیج میں ترمیم کی سہولت کا آغاز
پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں ( فائل فوٹو: اے ایف پی )
پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے ’پاک حج ایپ‘ پر نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں جس کا آغاز ہو گیا۔ عازمین حج کے لیے متعدد سہولتیں موجود ہیں۔
اب گھر بیٹھے حج پیکیج، رہائش اور دیگر سہولتوں میں ترمیم ممکن ہو سکے گی۔ پرائیویٹ حج کی بکنگ بھی ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔
سرکاری حج سکیم میں پیکیج کے دورانیے، الگ کمرے، فیملی رومز یا شیئرنگ روم کے انتخاب کی سہولت موجود ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج اب گھر بیٹھے پاک حج ایپ یا حج پورٹل کے ذریعے اپنے حج پیکیج کے دورانیے اور رہائش کی نوعیت میں ترمیم کر سکتے ہیں۔
عازمین کے لیے دو بیڈ، تین بیڈ کے الگ کمرے، 4 سے 6 افرد کے گروپ کے لیے فیملی روم یا شیئرنگ رہائش کے انتخاب کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
سرکاری حج اسکیم کے کامیاب عازمین لانگ حج پیکیج کو شارٹ حج پیکیج جبکہ شارٹ حج پیکیج کو لانگ حج پیکیج میں تبدیل کرنے کی درخواست بھی آن لائن دے سکتے ہیں۔
پیکیج یا رہائش میں تبدیلی کی سہولت کا مقصد عازمین کو اپنی ضروریات کے مطابق حج انتظامات میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق عازمین حج کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے بھی آن لائن سہولت فراہم کی گئی ہے۔

بیرون ملک پاکستانی عازمین بھی اپنے قریبی مجاز ڈاکٹر سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر کے اسے پاک حج ایپ پر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔
کامیاب عازمین حج کو ہارڈشپ کوٹہ کے تحت اپنے محرم یا ہیلپر کے لیے درخواست دینے کی سہولت بھی پاک حج ایپ اور حج پورٹل پر فراہم کی گئی ہے۔ کسی مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرنے اور جمع شدہ رقم کی واپسی سے متعلق فیچر بھی ایپ میں شامل ہے۔
علاوہ ازیں ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کی بکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بکنگ اور ادائیگی صرف ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے کی جائے۔
ترجمان نے بتایا پرائیویٹ حج سکیم کے تحت اب تک تقریباً 26 ہزار درخواستیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔
