Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اغوا شدہ جہاز کی بازیابی سے قبل پاکستانیوں کی مبینہ ہلاکتیں، ابھی تصدیق نہیں ہوئی: وزارت خارجہ

پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی مشن جبوتی کے حکام سے رابطے میں ہے (فائل فوٹو: اے پی پی)
پنت لینڈ بحری فورس کا کہنا ہے کہ صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں نے مغوی جہاز کو چھڑانے کے لیے ہونے والے آپریشن سے قبل اس کے عملے کے پانچ ارکان کو ہلاک کر دیا جن میں تین پاکستانی بھی شامل ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق آپریشن منگل کو پنت لینڈ کی بحری حدود میں کیا گیا۔
پالاؤ کے تیل بردار جہاز ایم ٹی آنر 25 کو 21 اپریل کو صومالیہ کے شمال مشرقی علاقے پنت لینڈ کے قریب اغوا کیا گیا تھا، جس پر 17 افراد سوار تھے اور ان میں سے 10 پاکستانی تھے۔
یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد ان کے رشتہ دار بارہا ان کی رہائی کے لیے اپیلیں کر چکے ہیں۔
پنت لینڈ میری ٹائم پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں  میں ایک انڈین اور ایک میانمار کا شہری بھی شامل ہے جبکہ تین پاکستانی اور ایک انڈین شہری زخمی بھی ہوئے۔
پولیس نے ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ ان کو کب قتل کیا گیا جبکہ صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ ہلاکتیں جہاز کو چھڑانے کے آپریشن سے قبل ہوئیں۔
فورس کی جانب سے ایکس پر جاری کیے بیان کے مطابق ’جہاز اب محفوظ اور پنت لینڈ حکومت کے کنٹرول میں ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 21 مشتبہ قزاقوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جبکہ دیگر قزاقوں کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح فورس کی جانب سے جاری ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن دھارین بار کے علاقے کے قریب کیا گیا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ زخمی ہونے والوں کی حالت کیسی ہے اور آیا ان کو طبی امداد دی گئی ہے اور زندہ بچ جانے والے افراد کو کہاں منتقل کیا گیا ہے۔
منگل کو اس سے قبل فلاحی ادارے انصار برنی ٹرسٹ نے عرب نیوز سے کچھ ریکارڈنگز شیئر کی تھیں، جن کے بارے میں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ عملے کے ارکان کی کالز ہیں۔
ان میں پانچ افراد کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، عرب نیوز کے مطابق ریکارڈنگز میں آوازوں کی شناخت، کالز کے وقت اور دی جانے والی معلومات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔
پنت لینڈ بحری فورس کے بیان سے قبل پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ جبوتی میں موجود پاکستانی مشن جہاز کی رہائی کی اطلاعات کی تصدیق کے لیے حکام سے رابطے میں ہے تاہم اس کی جانب سے ملاحوں کی شناخت یا ہلاکتوں اور زخمیوں کے بارے میں تصدیق نہیں کی گئی۔
پچھلے ہفتے پنت لینڈ میں ایسی ہی ایک اور کارروائی بھی کی گئی تھی جس میں تیل بردار جہاز سیبو ون کو قزاقوں کو چھڑایا گیا تھا۔
انصار برنی ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ عملے کے ارکان نے خبردار کیا تھا کہ جہاز چھڑانے کی کوشش پر قزاقوں نے یرغمالیوں کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔
 

شیئر: