اتحادی فورسز نے جمعرات کو مملکت کے جنوبی علاقوں میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں اور چار ڈرونز کو روک کر تباہ کر دیا۔ جمعے کی صبح خمیس مشیط کی جانب داغے جانے والا ایک بیلسٹک میزائل بھی مار گرایا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق خمیس مشیط میں چار ڈرونز مار گرائے گئے جبکہ خمیس مشیط اور جازان میں بیلسٹک میزائلوں کو انٹرسیپٹ کیا گیا۔
ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی دہشت گرد ملیشیا کے حملے روکنے کے لیے آپریشنل اقدامات اور ان پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سعودی سول ڈیفنس کے سرکاری ترجمان نے بتایا جمعرات کو خمیس مشیط میں حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کا ملبہ رہائشی علاقوں میں گرا جس سے کئی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
اس سے قبل اتحادی فورسز کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ’حوثیوں نے منگل کی صبح 5 بجکر 11 منٹ پر مدینہ منورہ میں واقع بجلی کی تقسیم کے ایک سٹیشن کو نشانہ بنایا ہے۔‘
#الدفاع_المدني : سقوط شظايا اعتراض صاروخ باليستي في محافظة خميس مشيط نتج عنه أضرار مادية محدودة. pic.twitter.com/f0vU3FpXas
— الدفاع المدني السعودي (@SaudiDCD) October 1, 2026
ترجمان نے کہا ’متعلقہ حکام کی تحقیقات اور حاصل کردہ شواہد نے حوثی ملیشیا کی اس ’بزدلانہ دہشت گردانہ‘ کارروائی کی منصوبہ بندی اور اس میں ملوث ہونے کو ثابت کیا ہے جس کی تصدیق آپریشنل جائزے اور حملے میں استعمال کیے جانے والے ڈرون کے ملبے سے ہوئی ہے۔‘











