’میں اپنی زبان 360 ڈگری تک گُھما سکتی ہوں‘، ’پوشیدہ ہُنر‘ کے انکشاف پر جھانوی کپور کی ٹرولنگ
’میں اپنی زبان 360 ڈگری تک گُھما سکتی ہوں‘، ’پوشیدہ ہُنر‘ کے انکشاف پر جھانوی کپور کی ٹرولنگ
منگل 6 اکتوبر 2026 16:45
جھانوی کپور حال ہی میں اے آئی سے تبدیل کی گئی ایک ویڈیو کے تنازع کا بھی مرکز رہی ہیں (فوٹو: جھانوی کپور انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکارہ جھانوی کپور کو اپنے ایک قدرے غیر معمولی ’پوشیدہ ہنر‘ کا انکشاف کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا ہے۔ رواں سال پیرس فیشن ویک میں شرکت کرنے والی اداکارہ نے بتایا کہ ’وہ اپنی زبان کو 360 ڈگری تک گھما سکتی ہیں۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق، جھانوی کپور سے ’دی کٹ‘ کے ساتھ گفتگو میں اُن کی کسی پوشیدہ صلاحیت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ اپنی زبان کو قریباً ’360 ڈگری‘ تک گھما سکتی ہیں۔ اداکارہ نے اسے ’واقعی ایک احمقانہ اور بے کار ہُنر‘ قرار دیا۔
جھانوی کپور نے یہ صلاحیت دریافت کرنے کا قصہ سناتے ہوئے کہا کہ ’سکول میں ان کے ہم جماعت اپنی زبان سے ناک کو چھونے کی کوشش کیا کرتے تھے، لیکن وہ ایسا نہیں کر پاتی تھیں۔ انہوں نے دوسرے بچوں کو متاثر کرنے کی خواہش میں یہ سوچا کہ زبان سے کوئی اور کام بھی کیا جا سکتا ہے، چنانچہ انہوں نے بالآخر یہ غیر معمولی ’پارٹی ٹرک‘ سیکھ ہی لیا۔‘
جھانوی کپور کے اِس انکشاف نے سوشل میڈیا صارفین کی فوری توجہ حاصل کر لی اور بعض افراد نے اسے ’ہُنر‘ قرار دیے جانے پر اُن کا مذاق بھی اُڑایا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’مجھے یقین نہیں آتا کہ یہ نیپو بیبیز اپنی زبانوں سے کس حد تک احمقانہ حرکتیں کرتے ہیں۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’اننیا پانڈے جیسا ہی ہنر! میں نے تو سوچا تھا کہ اداکاری جیسی کسی صلاحیت کی بات ہوگی۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ ’یہ کوئی ہُنر نہیں ہے۔‘ ایک شخص نے تبصرہ کیا کہ ’ایک اور مایوس کن کیس۔‘
جھانوی کپور کی اے آئی ویڈیو کا تنازع
جھانوی کپور حال ہی میں اُن کے اور جونیئر این ٹی آر کے سال 2024 کی فلم ’دیورا: پارٹ ون‘ کے گانے ’چُٹّامَلّے‘ سے متعلق ایک اے آئی سے تبدیل کی گئی ویڈیو کے تنازع کا بھی مرکز رہی ہیں۔
مبینہ ویڈیو میں اداکارہ کو جنسی طور پر واضح اور تضحیک آمیز انداز میں دکھایا گیا تھا، جس کے بعد مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال پر سوشل میڈیا پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
جھانوی کپور جلد ہی فلم ’لگ جا گلے‘ میں ٹائیگر شروف اور لکشیا کے ساتھ نظر آئیں گی (فوٹو: بالی وڈ تماشا)
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر ایک طویل نوٹ شیئر کرتے ہوئے خواتین کو قابلِ اعتراض انداز میں پیش کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اداکارہ نے کہا کہ کسی کی رضامندی کے بغیر فرضی مواد تیار کرکے اسے پھیلانا ’انتہائی تکلیف دہ اور نامناسب‘ عمل ہے۔
اداکارہ کے مستقبل کے منصوبے
جھانوی کپور جلد ہی فلم ’لگ جا گلے‘ میں ٹائیگر شروف اور لکشیا کے ساتھ نظر آئیں گی۔ راج مہتا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم سال 2027 میں سینما گھروں کی زینت بننے والی ہے۔