Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی فرینکفرٹ بک فیئر 2026 میں خصوصی شرکت

130 سے زائد ممالک کی جانب سے 4130 سٹالز لگائے گئے ہیں۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے فرینکفرٹ میں جاری انٹرنیشنل بک فیئر 2026 میں خصوصی شرکت کی ہے۔ سعودی لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کی سربراہی میں پویلین قائم کیا گیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بک فیئر 7 سے 11 اکتوبر تک جاری رہے گا جس میں 130 سے زائد ممالک کی جانب سے 4130 سٹالز لگائے گئے ہیں۔
لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن کی سربراہی میں شاہ عبدالعزیز فاونڈیشن، شاہ عبدالعزیز لائبریری، شاہ عبدالعزیزیونیورسٹی، شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے وقف لائبریریز، شہزادہ محمد بن سلمان مرکز برائے عربی خطاطی، ناشران، وزارتِ اسلامی امور اور جرمنی میں سعودی ثقافتی مشن سمیت دیگر ادارے شرکت کر رہے ہیں۔
کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے کہا کہ ’بک فیئر میں مملکت کی شرکت، سعودی ادبی و علمی سرگرمیوں کو جرمنی اور بین الاقوامی وزیٹرز کے سامنے پیش کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگی۔‘
مملکت کی جانب سے ادبی و ثقافتی نشستوں اور شعری شاموں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جن میں سعودی ادیب و دانشور شرکت کر رہے ہیں۔

سعودی وزارت اسلامی امورکی جانب سے بھی خصوصی شرکت کی گئی ہے۔ وزیٹرز کو کنگ فہد قرآن کریم پرنٹنگ کمپلیکس کی مطبوعات اور قرآن کریم کی طباعت و اشاعت کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں ’رشد ایپ‘ کے ذریعے الیکٹرانک مصحف، نماز کے اوقات اور قبلہ کی سمت کا تعین کرنا اور مختلف ڈیجیٹل سروسز کا تعارف بھی کرایا جا رہا ہے۔

وزارتِ اسلامی امور کے کارنر میں تھری ڈی ورچوئل حج کا تجربہ بھی پیش کیا جارہا ہے جو عربی، انگلش، فرانسیسی، اردو سمیت متعدد زبانوں میں دستیاب ہے۔
 ورچوئل رئیلٹی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے وزیٹرز کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے خوبصورت مناظر دیکھنے کا تجربہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

 

شیئر: