’ثقافتی اور علمی تبادلہ‘: سعودی عرب کی بیجنگ بک فیئر میں بھرپور شرکت
سعودی لٹریچر، پبلشنگ اینڈ ٹرانسلیشن کمیشن نے اتوار کو بیجنگ بک فیئر 2026 میں شرکت کا اختتام کیا۔
ایس پی اے کے مطابق بک فیئر 17 سے 21 جون تک بیجنگ کے چائنا نیشنل کنونشن سینٹر میں جاری رہا، سعودی پویلین نے وزیٹرز کی بڑی تعداد کو متوجہ کیا۔
بک فیئر میں شرکت بین الاقوامی سطح پر ثقافتی ایونٹس اور گلوبل پبلشنگ انڈسٹری میں سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی موجودگی کی عکاسی کرتی ہے۔
کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے کہا کہ ’بک فیئر میں شرکت کے ذریعے سعودی ادب اور ثقافت کو فروغ دینے اور گلوبل مارکیٹ میں سعودی پبلشرز کی موجودگی کو مضبوط بنانے کے مقاصد حاصل کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’بک فیئر نے سعودی عرب اور چین کے درمیان ثقافتی اور علمی تبادلے کے فروغ میں بھی کردار ادا کیا۔‘
ڈاکٹر عبداللطیف الواصل نے مزید کہا کہ ’پویلین کا مقصد سعودی ادبی اور فکری تخلیقات کو ایشیائی آڈینس سے متعارف کرانا، مملکت کے ادب، اشاعت اور ترجمے کے شعبوں میں ہونے والی ترقی کو اجاگر کرنا اور سعودی عرب کے ثقافتی منظرنامے کے بارے میں آگاہی کو بڑھانا تھا۔‘

یاد رہے سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں وژن 2030 کے تحت اپنی بین الاقوامی ثقافتی نمائندگی کو وسعت دی ہے جس کے تحت انٹرنیشنل بک فیئر، نمائشوں اور آرٹسٹک ایونٹس میں شرکت بڑھی ہے۔
