ریاض پر حملے میں استعمال ہونے والا حوثیوں کا میزائل لانچ پلیٹ فارم تباہ
پلیٹ فارم سے مملکت پر ایک اور حملے کی تیاری کی جا رہی تھی۔( فوٹو: ایس پی اے)
اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ریاض پر حملے میں استعمال ہونے والے بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم کو تباہ کردیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے کہا کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب اس پلیٹ فارم سے مملکت پر ایک اور حملے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
قبل ازیں بدھ کی صبح یمن میں قانونی حکومت کی خودمختاری کی حمایت کرنے والے اتحاد نے بتایا تھا کہ سعودی فضائی دفاع نے ریاض کے شمال میں حوثیوں کا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا۔
یاد رہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی اتحاد کی افواج کے ساتھ سٹریٹجک آبنائے باب المندب پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے لڑائی جاری ہے۔
یمن کی حکومت نے بدھ کی صبح بتایا کہ ’حوثی ملیشیا نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔‘
اس سے قبل پیر کو سعودی عرب کے محکمۂ ہوا بازی نے کہا تھا کہ ’نجران اور جازان کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔‘
