Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمنی مسلح افواج نے صنعا میں اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

عینی شاہدین نے بتایا نشانہ بنائے گئے مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔( فوٹو: اے ایف پی)
یمن میں مسلح افواج نے سنیچر کو دارالحکومت صنعا میں جائز اور اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
العربیہ کے مطابق حملوں میں حوثیوں کے کئی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ صنعا میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا فضائی حملوں میں صدارتی محل کے قریب واقع جبل النھدین اور صنعا کے جنوب میں جبل عطان کو نشانہ بنایا گیا۔ ان مقامات سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
عینی شاہدین نے یہ بھی بتایا جنگی طیارے صنعا کے اوپر بڑی تعداد میں مسلسل پروازیں کر رہے ہیں۔
مسلح افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے کہا ’صنعا میں کئی اہداف پر حملہ کیا گیا ہے۔ مسلح افواج کے پاس حوثیوں کے خلاف سٹریٹیجک حملے کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔‘
اس سے قبل یمنی مسلح افواج نے تعز گورنریٹ کے کئی علاقوں میں حوثیوں کے اجتماعات، فوجی تیاریوں اور کمک پر 71  اہدافی کارروائیاں کیں۔
ایک اطلاع کے مطابق یمنی مسلح افواج نے شدید جھڑپوں کے بعد جنوب مشرقی تعز میں سامع قلعے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
ذریعے نے مزید بتایا اس کارروائی کے دوران حوثی ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک و زخمی ہوئے اور دیگر علاقے سے فرار ہو گئے۔
الاخباریہ کے مطابق یمن میں کئی محاذوں پر حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بنی عمر کے محاذ پر گزشتہ تین دنوں کے دوران جاری لڑائی میں حوثیوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
گزشتہ روز یمنی مسلح افواج نے بیان میں کہا تھا کہ 24 گھنٹے کے دوران حوثیوں کی سائٹس، نقل وحرکت، کمک اور عسکری صلاحیتوں کے خلاف 474 فضائی حملے اور درست ہدف کو نشانہ بنانے والے آپریشنز کیے ہیں۔
ان کارروائیوں کا دائرہ متعدد محاذوں تک پھیلا ہوا تھا۔ جنگی طیارے، ڈرونز، توپ خانہ، میزائل اور راکٹ لانچرز استعمال کیے گئے۔
مسلح افواج کا کہنا ہے تعز کے فرنٹ پر خطرے کے ذرائع، حوثیوں کے اجتماعات، کمک، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور دیگرعسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق ان کارروائیوں میں ایک ہزار 540 حوثی اہلکار ہلاک یا زخمی ہو گئے جبکہ 216 فوجی گاڑیاں اور دیگر عسکری اثاثے تباہ یا ناکارہ بنا دی گئیں۔ ان کارروائیوں نے تعز کے فرنٹ پر پیش قدمی کرنے کی حوثی کوششوں کو بھی ناکام بنا دیا۔
یمنی مسلح افواج نے کہا کہ وہ ریاستی رٹ کی بحالی، ملک کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔

 

شیئر: