Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں حوثی ملیشیا کے 82 فوجی اہداف مکمل تباہ کر دیے: اتحادی ترجمان

اتحادی فورسز نے یمن میں حوثی ملیشیا کے درجنوں اہداف پر حملے کیے ہیں۔
یمن میں قانونی حکومت کی خودمختاری کی حمایت کرنے والے اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ سعودی عرب میں شہریوں، شہری تنصیبات اور حالیہ ریاض اورابہا ایئرپورٹس کو نشانہ بنائے جانے والے دہشت گرد حوثی ملیشیا کے وحشیانہ حملے جواب کے بغیر نہیں رہیں گے۔
ایس پی اے کے مطابق ترجمان نے کہا اتحادی فورسز نے ایک جامع کارروائی شروع کی جس میں صعدہ، الجوف اور مارب میں دہشت گرد حوثی ملیشیا کے 82 جائز فوجی اہداف کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
ان اہداف میں بیلسٹک میزائل کی سائٹس خصوصا صعدہ کے پہاڑی علاقوں میں قائم بیلسٹک میزائل کی سٹوریج، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز، کمیونیکیشن سسٹم، میزائل اور اسلحے کے ڈپو اور دہشت گرد حوثی ملیشیا کے اجتماع کے مقامات شامل ہیں۔
اس سے قبل اتحادی  فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ ریاض پر حملے میں استعمال ہونے والے بیلسٹک میزائل لانچ پلیٹ فارم کو تباہ کردیا گیا۔
 ترجمان کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب اس پلیٹ فارم سے مملکت پر ایک اور حملے کی تیاری کی جا رہی تھی۔
قبل ازیں بدھ کی صبح یمن میں قانونی حکومت کی خودمختاری  کی حمایت کرنے والے اتحاد نے بتایا تھا کہ سعودی فضائی دفاع نے ریاض کے شمال میں حوثیوں کا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا۔
یاد رہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی اتحاد کی افواج کے ساتھ سٹریٹیجک آبنائے باب المندب پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے لڑائی جاری ہے۔
یمن کی حکومت نے بدھ کی صبح بتایا کہ ’حوثی ملیشیا نے عدن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔‘
اس سے قبل پیر کو سعودی عرب کے محکمۂ ہوا بازی نے کہا تھا کہ ’نجران اور جازان کے ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے۔‘

شیئر: