Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جی سی سی، یورپی سمٹ میں مدعو کرلیا

سعودی سفیر نے اماراتی وزیر سے ملاقات کی اور دعوت نامہ پہنچایا ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کو دوسری جی سی سی، یورپی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے جو مملکت کی میزبانی میں منعقد کی جا رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق امارات میں سعودی سفیر سلطان بن عبدللہ العنقری نے اماراتی وزیر مملکت خلیفہ بن شاہین المرر سے ملاقات کی اور دعوت نامہ پہنچایا۔
اس موقع پر سربراہی اجلاس سے قبل جی سی سی اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جی سی سی اور یورپی ملکوں کے رہمنا 24 اکتوبر کو سربراہی اجلاس کے لیے سعودی عرب میں جمع ہوں گے۔ دونوں بلاکس علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجز کے حوالے سے سٹریٹیجک شراکت داری اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
 سعودی عرب نے اس سے قبل قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کو جی سی سی، یورپی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
یاد رہے پہلا جی سی سی، یورپی سربراہی اجلاس اکتوبر 2024 کو برسلز میں منعقد ہوا تھا۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا نے ستمبر میں کہا تھا کہ ’دونوں بلاکس کے درمیان شراکت داری ’پولیٹیکل ڈائیلاگ، کوآرڈینیشن اور انگیجمنٹ‘ پر مبنی ہے جس کا مقصد عالمی اور علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’ہمارا ماضی، حال اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، جی سی سی، یورپی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘

 

شیئر: