شاہ سلمان نے امیر قطر کو اکتوبر میں ہونے والی جی سی سی، یورپی سمٹ میں مدعو کرلیا
اتوار 4 اکتوبر 2026 18:01
سعودی سفیر نے امیر قطر سے ملاقات کی اور دعوت نامہ پہنچایا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قطر کے امیر شیح تمیم بن حمد آل ثانی کو دوسری جی سی سی، یورپی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے جو مملکت کی میزبانی میں 24 اکتوبر کو منعقد کی جا رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق قطر میں سعودی سفیر شہزادہ سعد بن منصور نے اتوار کو لوسیل پیلس میں امیر قطر سے ملاقات کی اور انہیں دعوت نامہ پہنچایا۔
ملاقات کے دوران سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعلقات، انہیں مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کو جی سی سی، یورپی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
کویت اور بحرین میں سعودی سفیروں نے امیر کویت اور بحرین کے فرمانروا سے ملاقات کے دوران سمٹ میں شرکت کے دعوت نامے پہنچائے۔
یاد رہے پہلا جی سی سی، یورپی سربراہی اجلاس اکتوبر 2024 کو برسلز میں منعقد ہوا تھا۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا نے ستمبر میں کہا تھا کہ ’دونوں بلاکس کے درمیان شراکت داری ’پولیٹیکل ڈائیلاگ، کوآرڈینیشن اور انگیجمنٹ‘ پر مبنی ہے جس کا مقصد عالمی اور علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’ہمارا ماضی، حال اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے، جی سی سی، یورپی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا وقت آگیا ہے۔‘
