ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سنیچر کو ہونے والے حملے میں 6 پاکستانی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
واضح رہے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں 12 افراد جان سے گئے جبکہ 309 افراد زخمی ہوئے۔
سعودی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مرنے والوں میں چار سعودی، دو بنگلہ دیشی، امریکہ، اردن، شام، سوڈان، فلسطین اور مصر کا ایک ایک شہری شامل ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’مجھے یہ جان کر دکھ ہوا کہ ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے میں چھ پاکستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔‘
انہوں نے لکھا ’پاکستانی سفارتخانہ، ریاض میں سعودی حکام کے ساتھ مکمل رابطے مییں ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہرممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔‘
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور ارضی سالمیت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
I am deeply saddened to learn that six Pakistani nationals got injured as a result of Houthis attack on King Khalid International Airport in Riyadh. I pray for their speedy recovery. Our Embassy in Riyadh is in close contact with the Saudi authorities and is extending all possible assistance to the affected families.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 11, 2026
بیان کے مطابق ’شہریوں اور اہم نوعیت کے تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے اور یہ اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’تشدد کے ایسے واقعات بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں جن کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔‘
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ’پاکستان، سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔‘











