Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ریاض ایئرپورٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور ارضی سالمیت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اتوار کو ایکس پر جاری کردہ بیان کے مطابق ’شہریوں اور اہم نوعیت کے تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے اور یہ اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔‘
انہوں نے حملے میں جاں سے جانے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’تشدد کے ایسے واقعات بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں جن کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔‘
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ’پاکستان، سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔‘
’مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ اور دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ اور تاریخی رشتوں کے تحت پاکستان سعودی عرب کی سالمیت اور سکیورٹی کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے۔‘
دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی: پاکستانی دفتر خارجہ
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک علیحدہ بیان میں ریاض ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’شہری آبادی اور حساس انفراسٹرکچر پر حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی ورزی اور خطے کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔‘
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ’وہ حوثی ملیشیا کے ان حملوں کی بلا تاخیر اور غیر مبہم الفاظ میں مذمت کرے اور ملیشیا پر فوراً دہشت گردانہ کارروائیاں بند کرنے کے لیے زور ڈالے۔‘
سعودی عرب کے حقِ دفاع کی حمایت
دفتر خارجہ کے ترجمان نے جانی نقصان اور زخمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور یکجہتی ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی عرب کی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا ہے جبکہ 'مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع' کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور ارضی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو دوبارہ دہرایا جاتا ہے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ’سعودی عرب کو اپنی سرزمین، عوام اور سرحدوں کے دفاع کا کامل اور جائز حق حاصل ہے۔‘

شیئر: