ریاض کے شمال میں حوثیوں کے تین ڈرون مار گرائے: عرب اتحاد
منگل 13 اکتوبر 2026 17:10
اتحاد کا کہنا ہے خطرات کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان نے کہا ہے کہ منگل کو ریاض کے شمال میں تین ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں کہا ’حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کے شمال میں داغے گئے تین ڈرونز کو انٹرسیپٹ کر کے تباہ کیا گیا۔‘
اس سے قبل پیر کی شام حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل جبکہ پیر کی رات خمیس مشیط کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں روک کر تباہ کر دیا گیا۔
سعودی شہری دفاع نے ممکنہ حملے کے پیش نظر ریاض اور خمیس مشیط میں الرٹ جاری کیے۔
عرب اتحاد نے کہا کہ وہ سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے ڈرونز اور کروز میزائلوں کے خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
اتحاد کے مطابق ایسے خطرات کا پتا چلا لیا گیا ہے اور انہیں روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
