سعودی عرب نے ریاض کی جانب داغے جانے والا بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا
سعودی شہری دفاع نے ممکنہ حملے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا ( فوٹو: عرب نیوز)
عرب اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیر کی شام حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں روک کر تباہ کر دیا گیا۔
اس سے قبل سعودی شہری دفاع نے ممکنہ حملے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس اکاؤنٹ پر بیان میں کہا ’حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی ھرف داعے گئے بیلسٹک میزائل کو انٹرسیپٹ کرکے تباہ کیا گیا۔‘
پیر کی صبح فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی ملیشیا کی جانب سے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ کیا تھا۔
یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے عرب اتحاد نے کہا کہ وہ سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے ڈرونز اور کروز میزائلوں کے خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
اتحاد کے مطابق ایسے خطرات کا پتا چلا لیا گیا ہے اور انہیں روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سعودی شہری دفاع نے جنوب مغربی علاقے عسیر کے شہر ابھا میں ممکنہ حملے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا، تاہم بعد میں خطرہ ٹلنے کا اعلان کر دیا۔
