Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سٹار فٹ بالر ایمباپے کا چین کے بانی ماؤ زے تنگ پر مزاحیہ تبصرہ، چینی برینڈز نے سپانسرشپ ختم کر دی

لا لیگا نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اسے چینی مداحوں کی دل آزاری پر گہرا افسوس ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ایک وائرل ویڈیو میں ماؤ زے تنگ سے متعلق مبینہ مذاق کے بعد بڑے چینی برانڈز نے دیا ریال میڈرڈ کے فرانسیسی سٹار فٹبالر کلیان ایمباپے کے ساتھ تعاون ختم کر دیا جس پر انہوں نے معذرت کی۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تنازع اس وقت مزید بڑھ گیا جب لا لیگا کی معذرت کے باوجود سرکاری چینی میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے اعلان کیا کہ چینی سرکاری ٹی وی ہسپانوی لیگ کے میچوں کی نشریات معطل کر رہا ہے۔
متنازع ویڈیو میں ایمباپے ایک ایسی میم کا ذکر کرتے دکھائی دیتے ہیں جس میں ان کا چہرہ ایک ایسے شخص کی تصویر پر لگایا گیا تھا جسے انہوں نے ’شاید ایک چینی آمر‘ قرار دیا۔ بظاہر یہ اشارہ ایک ایسی میم کی جانب تھا جس میں ایمباپے کی تصویر ماؤ زے تنگ کی تصویر پر ایڈٹ کی گئی تھی۔
ایمباپے نے فرانسیسی، چینی اور انگریزی زبان میں جاری بیان میں کہا کہ ’میرا تبصرہ نامناسب تھا اور اب میں سمجھتا ہوں کہ اس سے چین اور دنیا بھر کی چینی برادری کے بہت سے لوگ دکھی ہوئے۔ میں اپنے الفاظ سے دل آزاری محسوس کرنے والے تمام افراد سے معذرت خواہ ہوں۔‘
لا لیگا نے بھی ایک بیان میں کہا کہ اسے چینی مداحوں کی دل آزاری پر گہرا افسوس ہے اور ایمباپے کے تبصرے ان کی ذاتی رائے تھے، لا لیگا کے مؤقف کی نمائندگی نہیں کرتے۔
چین میں 1976 میں وفات پانے والے بانی رہنما ماؤ زے تنگ کے بارے میں مذاق یا تنقیدی تبصرے انتہائی حساس سمجھے جاتے ہیں۔
مشروبات بنانے والی کمپنی ڈونگ پینگ، جس نے رواں سال ورلڈ کپ کے دوران ایمباپے کی مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر اپنی تشہیری مہم میں استعمال کی تھیں، نے اعلان کیا کہ وہ فرانسیسی کپتان کے ساتھ اپنا تعاون ختم کر رہی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ وہ قومی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے کسی بھی رویے کے لیے ’صفر برداشت‘ کی پالیسی رکھتی ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے کہا کہ چینی عوام کے جذبات مجروح کرنے والے الفاظ اور اقدامات کو معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے مسترد کیا جائے گا۔

 

شیئر: