جاپان میں چور نے کروڑوں کی گھڑی ’سوری نوٹ‘ کے ساتھ سٹور کو واپس بھیج دی
پچھلے ہفتے ہونے والے واقعے میں گاہک بن کر آنے والا چوری کلائی پر گھڑی باندھ کر فرار ہو گیا تھا (فوٹو: جاپانی میڈیا)
جاپان کے ایک سٹور سے چوری ہونے والی آٹھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی لگژری گھڑی ’سوری نوٹ‘ کے ساتھ واپس کر دی گئی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت ٹوکیو میں پچھلے ہفتے پیش آیا جس میں دو لاکھ 90 ہزار ڈالر کی گھڑی کو ہاتھ پر پہن کر چیک کرنے کے بہانے اڑا لیا گیا تھا۔
واقعے کے بعد مقامی میڈیا پر جاری ہونے والے رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ گاہک بن کر آنے والے ایک شخص نے مشہور کمپنی آڈیماز پیگے کی گھڑی خریدنے کی خواہش ظاہر کی اور سیلز نے اٹھا کر دکھائی جس نے چیکنگ کے لیے کلائی پر پہنی اور قیمت پوچھنے کے علاوہ فنکشنز کے بارے میں بات چیت کرتا رہا۔
تاہم اس دوران سیلز مین کا دھیان ذرا سا بٹتے ہی دوڑ لگا دی اور آناً فاناً سٹور سے باہر نکل گیا، پیچھا کرنے کی کوشش کے باوجود ہاتھ نہیں آ سکا۔
واقعے کے بعد پولیس میں رپورٹ کی گئی، تحقیقات بھی ہوئیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا۔
تاہم صورتحال میں اچانک ایک نیا موڑ اس وقت آیا جب سٹور کے پتے پر ایک پیکٹ آیا۔
مالک نے کھول کر دیکھا تو اس کے اندر اسی طرح کی گھڑی موجود تھی جو چوری ہوئی تھی جبکہ اس کے ساتھ ہاتھ سے لکھا ہوا ایک معافی نامہ بھی موجود تھا۔
جاپانی آخبار اساہی شمبن اور دیگر میڈیا آؤٹ لیٹس کا کہنا ہے کہ سٹور کے مالک نے گھڑی کا سیریل نمبر چیک کیا تو یہ وہی گھڑی تھی اور وہ درست حالت میں تھی۔
اس کے ساتھ آنے والے نوٹ میں فقط ’آئی ایم سوری‘ لکھا گیا تھا۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے نے سٹور سے رابطہ کیا تاہم مالک کی جانب سے اس معاملے پر تبصرے سے انکار کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس اب بھی واقعے میں ملوث شخص کو تلاش کر رہی ہے۔
اگست میں اسی شاپنگ کمپلیکس میں پہلے بھی چوری کا واقعہ پیش آیا تھا اور اسی میں واقع ایک اور سٹور سے 20 لاکھ ین (13 لاکھ ڈالر) کی چار گھڑیاں چوری کی گئی تھیں۔