Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں ٹرین اور بس میں تصادم، 8 ہلاک، 12 زخمی

حادثہ منی بس ڈرائیور کی وجہ سے پیش آیا۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
مصر میں ٹرین اور منی بس کے تصادم میں 8 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ حادثہ الاسماعیلیہ کمشنری کے جلبانہ علاقے میں پیش آیا۔
سبق نیوز کے مطابق مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا تھا کہ حادثہ  منی بس ڈرائیور کی وجہ سے پیش آیا جس نے بس کو بند پھاٹک پر روکنے کے بجائے سائیڈ میں کھلی جگہ سے عبور کرنے کی کوشش کی۔
بس ابھی ریلوے پٹری کو عبور ہی نہ کرسکی تھی کہ قریب آنے والی ٹرین بس سے ٹکرا گئی ۔ ڈرائیور نے ٹرین کو روکنے کی بہت کوشش کی مگر اس کے باوجود وہ بس سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے بس الٹ گئی اور اس میں سوار متعدد افراد پٹری پر جاگرے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ بس ڈرائیور نے معلوم نہیں کیوں پھاٹک پر رکنے کے بجائے ڈھلوان راستے سے پٹری عبور کرنے کی کوشش کی اور حادثہ رونما ہوگیا۔ حادثہ اس قدر اچانک ہوا کہ لوگوں کو بس سے گودنے کا بھی موقع نہ مل سکا۔
ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی جگہ سے بس اور ٹرین کو ہٹانے کے بعد پٹری کو ٹریفک کے لیے بحال کردیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کیس متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

 

 

شیئر: