Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ کا سمعی و بصری ورثہ: ایک بھر پور تاریخی اور ثقافتی یادداشت

ورثہ ماضی کی تفصیلات کو حال سے جوڑتے دکھائی دیتا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن اپنی قدیم تصاویر، آڈیو ریکارڈنگز اور دستاویزی فلموں کی صورت میں ایک بھر پور تاریخی اور ثقافتی یادداشت کو اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ تمام ذرائع مقامی کمیونٹی کی زندگی کے اہم پہلوؤں کو محفوظ رکھتے ہیں۔
یہاں کے قدیم وتاریخی دیہات، علاقائی رسوم و روایات اور نسلوں سے منتقل ہونے والے عوامی فنون ماضی کی تفصیلات کو حال سے جوڑتے دکھائی دیتے ہیں۔
ہر برس 27 اکتوبر کو عالمی یومِ سمعی و بصری ورثہ منایا جاتا ہے جس کا مقصد ایسے تاریخی مواد کے تحفظ  اور انہیں ضائع ہونے سے بچانے کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
الباحہ ریجن میں یہ ورثہ تاریخی دیہات، روایتی طرز تعمیر، زرعی کھیت، عوامی بازاروں اور عوامی فنون کی صورت میں نمایاں ہے۔ قدیم تصاویر اور ریکارڈنگز روز مرہ زندگی، رہن سہن، تعمیر و زراعت کے طریقوں اور گزشتہ دہائیوں میں رنما ہونے والی تبدیلیوں کی عکاسی کرتی ہیں۔

آڈیو ریکاڈنگز بزرگوں کی روایات، شاعری، عوامی لوگ گیت اور کہانیوں کو محفوظ رکھنے میں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں جبکہ بصری مواد سماجی تقریبات اور عوامی فنون کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا ذریعہ بنتا ہے جس سے مقامی ورثے کے تحفظ کا شعور فروغ پاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ورثے کا تحفظ ایک ثقافتی ذمہ داری ہے جس کے لیے تاریخی مواد کے ماخذ اور تاریخ کی توثیق، اصل ریکارڈز کی سائنسی بنیادوں پر دیکھ بھال اور انہیں ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنا ضروری ہے۔

اس سے قدیم مواد کو تلف ہونے سے بچانے کے ساتھ تاریخی وثقافتی تحقیقات اور دستاویزی منصوبوں میں استفادے کے امکانات بھی بڑھتے ہیں۔
اس حوالے سے ثقافتی اداروں، متعلقہ حکام اور ان افراد کا تعاون ضروری ہو جاتا ہے جن کے پاس قدیم تصاویر اور اشیا موجود ہیں۔
قانونی ضوابط کے تحت ان مواد کی دستاویز بندی اور دستیابی الباحہ کی مقامی تاریخ و ثقافت کا جامع آرکائیو تشکیل دینے میں مدد دے سکتی ہے۔ یہ مواد معاشروں کی تاریخ اور ان کی سماجی و ثقافتی تبدیلیوں کو سمجھنے لیے اہم ہے۔

یہ مواد محض تاریخی دستاویزات نہیں بلکہ یہ ایک انسانی ریکارڈ ہے جو کسی جگہ کی تفصیلات اور وہاں کے لوگوں کی خصوصیات کو دوبارہ زندہ کر دیتا ہے یہ آنے والی نسلوں کو اپنی ثقافتی جڑوں کو تلاش کرنے اور خطے کے منفرد سماجی  و تہذیبی ورثے سے دوبارہ جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

 

شیئر: