Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ میں پہاڑ کی ڈھلوانوں پر چھائی گہری دھند، دل موہ لینے والے مناظر

آسمان پر بجلیاں چمکتی رہیں اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن کی کمشنری المخواہ میں واقع ’جبل شدا الاسفل‘ کی ڈھلوانوں پر چھائی گہری دھند نے ایک دلکش قدرتی منظر تخلیق کیا ہے۔ 
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تھامہ کے آسمان پر بجلیاں چمکتی رہیں اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ پہاڑی راستوں کی مختلف سمتوں سے گرنے والی آبشاروں نے قدرتی نظاروں کو چار چاند لگا دیے۔
جبل شدا الاسفل کا منظر اس وقت انتہائی مسحور کن ہو گیا جب گہری دھند نے پہاڑوں اور سیڑھی دار کھیتوں کو اپنی آغوش میں لے لیا۔ آسمان پر چمکنے والی بجلی اور گھن کرج کے ساتھ برسنے والے بادلوں نے ماحول میں مزید سحر انگیز بنا دیا۔
خصوصاًغروب آفتاب کے وقت افق پر شفق کے رنگ، پہاڑی ڈھلوانوں سے امڈتے سفید بادلوں اور بلند چوٹیوں سے لپٹی دھند نے ایک حسین امتزاج پیش کیا۔
ان حسین مناظر کو سعودی نیوز ایجنسی کے فوٹوگرافر نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیا جن میں جبل شدا الاسفل کی پہاڑی ڈھلوانوں سے گرتے تیز رفتار آبشار، سیڑھی دار کھیتوں اور وادیوں کے دلکش مناظر شامل تھے۔

پانی کی روانی اور دبیز بادلوں کی تہہ سے جھانکتی سورج کی کرنوں کے حسین امتزاج نے علاقے کے قدرتی حسن کو مزید نکھار دیا۔ روشنی، پانی اور ہریالی کا ایک شاندار امتزاج دیکھنے کو ملا۔
ان مناظر کو دیکھ کر یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ جبل شدا الاسفل جو الباحہ ریجن کی کمشنری میں واقع ہے، مملکت بلکہ مشرق وسطیٰ کے خوبصورت ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔

یہ علاقہ اپنے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کے ساتھ ساتھ منفرد ارضیاتی ساخت رکھنے والی غاروں کے لیے بھی مشہور ہے۔
یہاں آنے والے سیاحوں کو الباحہ کی سیاحت کا ایسا تجربہ حاصل ہوتا ہے جو تھامہ کے علاقے کی منفرد شناخت اور السراۃ اور تھامہ کے درمیان قدرتی و ثقافتی تنوع کو اجاگر کرتا ہے۔

 

شیئر: