Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون نیوز اینکر ربیعہ احسن کی ہلاکت، شوہر کے خلاف مقدمہ درج

نجی ٹی وی چینل سے منسلک خاتون نیوز اینکر ربیعہ احسن کی ہلاکت کے بعد مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں ان کے شوہر کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق وقوعہ کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہن لان میں تھیں، جبکہ بیڈ روم میں میاں بیوی تھے اور گولی چلنے کی آواز آئی۔ ماں بیٹی بیڈ روم پہنچیں تو مقتولہ خون سے لت پت تھی اور ملزم کے ہاتھ میں پستول تھا۔
پولیس کے مطابق پستول بھی بغیر لائسنس کے ہے۔
ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ملزم اور ربیعہ احسن کے درمیان تنازعات جاری تھے۔ وقوعہ کے روز بھی ملزم مبینہ طور پر گھر آیا اور فائرنگ کر دی۔
پولیس نے مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور کیس کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل سے منسلک خاتون نیوز اینکر ربیعہ احسن فائرنگ کے ایک واقعے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔ 
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 92 نیوز سے وابستہ صحافی ربیعہ احسن راولپنڈی میں واقع اپنی رہائش گاہ کے ایک کمرے میں گولی لگنے کے زخم کے ساتھ مردہ پائی گئیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ان کے شوہر احسن طاہر خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے پاس موجود بندوق سے اچانک حادثاتی طور پر گولی چل گئی تھی۔ 
پولیس نے ربیعہ احسن کے شوہر کو گرفتار کر لیا تھا۔

 

شیئر: