یمن کا ایران سے حوثیوں کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے اور فوجی ماہرین واپس بلانے کا مطالبہ
یمن کا ایران سے حوثیوں کو اسلحے کی فراہمی بند کرنے اور فوجی ماہرین واپس بلانے کا مطالبہ
پیر 9 نومبر 2026 6:55
یمنی حکومت کے مطابق اگر تہران کو واقعی یمنی عوام کی مشکلات کا احساس ہے تو اسے ایسی معاونت ختم کرنی چاہیے: فائل فوٹو اے ایف پی
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے پیر کو ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حوثی ملیشیا کو اسلحہ فراہم کرنا بند کرے، اپنے فوجی ماہرین کو یمن سے واپس بلائے اور ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت ختم کرے۔
یمنی حکومت نے تہران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جنگ کو طول دینے کے ساتھ ساتھ حوثی گروپ کو سیاسی اور سفارتی تحفظ بھی فراہم کر رہا ہے۔
یمن کی وزارت خارجہ و تارکین وطن نے پیر کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے اس بیان کی شدید مذمت کی، جس میں سعودی عرب پر یمن کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور ملک میں شہری اہداف پر فضائی حملوں کی مذمت کی گئی تھی۔
عدن میں قائم یمنی وزارت خارجہ نے ایرانی بیان کو ’دہشت گرد حوثی ملیشیا کو سیاسی اور میڈیا کے ذریعے تحفظ فراہم کرنے‘ کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران جنگ کو طول دینے اور یمنی عوام کی انسانی مشکلات میں اضافے کی ذمہ داری سے بچنا چاہتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کی مداخلت اب حوثیوں کی مالی معاونت، انہیں اسلحہ فراہم کرنے اور تربیت دینے تک محدود نہیں رہی بلکہ ان کی فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور انتظام میں براہ راست کردار تک پہنچ چکی ہے۔
بیان کے مطابق’میدان جنگ میں فوجی معاونت اور بین الاقوامی فورمز پر سفارتی تحفظ کا امتزاج یمنی ریاست کو کمزور کرنے اور خطے کی سلامتی اور آبی گزرگاہوں کے لیے خطرہ بننے میں ایران کے حقیقی کردار کا مزید ثبوت ہے۔‘
ایرانی فوجی ماہرین کی موجودگی
یمنی وزارت خارجہ نے وزارت داخلہ کے ایک اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کے ساتھ 21 غیر ملکی ماہرین کام کر رہے ہیں، جن میں ایران کی پاسداران انقلاب کے 14 اور لبنان کی حزب اللہ کے سات ارکان شامل ہیں۔
بیان کے مطابق، ان ماہرین کی ذمہ داریوں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول، فوجی کارروائیوں کا انتظام، بیلسٹک میزائل، ڈرونز، الیکٹرانک جنگ، فوجی سازوسامان کی اسمگلنگ اور بحری کارروائیوں میں رابطہ کاری شامل ہے۔ ان کارروائیوں میں تجارتی جہازوں کو حملوں کے لیے منتخب کرنا بھی شامل ہے۔
وزارت خارجہ نے ان ماہرین کی موجودگی کو ’ایک مکمل فوجی جنرل سٹاف’ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار محض تربیت تک محدود نہیں بلکہ وہ فوجی کارروائیوں کی نگرانی، منصوبہ بندی اور رہنمائی بھی کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ’یمنی عوام اس جنگ کی قیمت اپنی جانوں، سلامتی اور روزگار کی صورت میں ادا کر رہے ہیں۔‘
یمنی حکومت نے ایران پر الزام عائد کیا کہ وہ حوثیوں کو شہریوں کے اغوا، قتل اور انہیں خوف زدہ کرنے، شہروں اور شہری تنصیبات پر گولہ باری، آبادیوں کا محاصرہ کرنے اور لوگوں کو بھوک سے دوچار کرنے کے قابل بنا رہا ہے۔
حکومت نے حوثیوں پر سعودی سرزمین، تجارتی جہازوں اور بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں بحری آمدورفت کو بار بار نشانہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا۔
اسلحے کی پابندی اور سعودی عرب کی امداد
یمنی حکومت نے تہران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جنگ کو طول دینے کے ساتھ ساتھ حوثی گروپ کو سیاسی اور سفارتی تحفظ بھی فراہم کر رہا ہے: فائل فوٹو
یمنی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 اور قرارداد 2624 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان قراردادوں کے تحت حوثیوں پر اسلحے کی پابندی میں توسیع کی گئی تھی۔ اس پابندی میں ہتھیاروں، فوجی سازوسامان، تکنیکی معاونت، تربیت اور فوجی سرگرمیوں سے متعلق مالی معاونت بھی شامل ہے۔
یمنی حکومت نے تہران پر زور دیا کہ وہ خطے کے ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے، مسلح گروہوں کی حمایت ترک کرے اور اپنے قومی وسائل ہتھیاروں اور اسمگلنگ کے نیٹ ورکس پر خرچ کرنے کے بجائے اپنے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دے۔
بیان میں حوثیوں کے لیے ایران کی مبینہ فوجی معاونت کا موازنہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے لیے انسانی ہمدردی اور ترقیاتی امداد اور مملکت میں مقیم یمنی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے بھی کیا گیا۔
یمنی وزارت خارجہ نے کہا کہ’ایرانی حکومت نے گزشتہ 12 برسوں کے دوران، حوثی ملیشیا کی شروع کردہ جنگ میں، یمنی عوام کو میزائل، خودکش ڈرونز، دھماکا خیز مواد سے لیس کشتیاں اور تباہی پھیلانے والے ماہرین کے سوا کچھ نہیں دیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس کے برعکس سعودی عرب نے یمن کو قیمتی امدادی، انسانی ہمدردی اور ترقیاتی معاونت فراہم کی ہے، جبکہ مملکت میں مقیم یمنی شہریوں کو بھی سہولتیں دی ہیں۔ ان کی ملازمتوں اور ترسیلات زر سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔
یمنی وزارت خارجہ نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ یمن کی خودمختاری کے احترام کا تقاضا ہے کہ ایران حوثیوں کو اسلحے کی فراہمی بند کرے، اپنے فوجی ماہرین کو واپس بلائے اور یمن کے قومی فیصلوں میں مداخلت ختم کرے۔
وزارت کے مطابق، اگر تہران کو واقعی یمنی عوام کی مشکلات کا احساس ہے تو اسے ایسی معاونت ختم کرنی چاہیے جو جنگ کو طول دینے اور ملک کی تباہی میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ یمن میں 2014 سے خانہ جنگی جاری ہے، جب حوثیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرکے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو وہاں سے نکلنے پر مجبور کر دیا تھا۔
اس تنازع کے نتیجے میں یمن دنیا کے سنگین ترین انسانی بحرانوں میں سے ایک سے دوچار ہو چکا ہے۔