سیالکوٹ بھگدڑ کیس: مرنے والوں کے لواحقین کو دھمکیاں دینے کا الزام، ٹک ٹاکر مسٹر پتلو گرفتار
سیالکوٹ بھگدڑ کیس: مرنے والوں کے لواحقین کو دھمکیاں دینے کا الزام، ٹک ٹاکر مسٹر پتلو گرفتار
پیر 9 نومبر 2026 15:41
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے معروف ٹک ٹاکر عنصر جٹ عرف مسٹر پتلو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس تھانہ صدر ڈسکہ (سیالکوٹ) کے مطابق مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دھمکانے کے کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق ’فراز گراؤنڈ میں بھگدڑ میں جان سے جانے والے محمد ریحان کے بہنوئی ابوبکر ولد سیف اللہ کی جانب سے تھانہ صدر ڈسکہ میں مسٹر پتلو کے خلاف درخواست دی گئی۔
پولیس کے مطابق ’مبینہ طور پر ملزم انصر جٹ عرف مسٹر پتلو کے ایما پر مسلح افراد نے متاثرہ خاندان کو صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ اسی مقدمے میں مسٹر پتلو کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘
درج ایف آئی آر کے کے متن کے مطابق مدعی ابوبکر ولد سیف اللہ نے پولیس کو بتایا کہ ’چھ نومبر کی رات قریباً ایک بجے چار نامعلوم افراد ان کے سسرال کے گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے ساتھ دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔‘
مدعی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے انہیں صلح کے معاملے پر دباؤ میں لانے کی کوشش کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ’ملزمان نے ابوبکر ولد سیف اللہ کے سر پر پستول رکھ کر بدتمیزی کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل 31 اکتوبر کو سیالکوٹ میں ٹک ٹاکر ’مسٹر پتلو‘ کی شادی کے موقعے پر بھگدڑ سے دو افراد ہلاک جبکہ 18 زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد پولیس نے مسٹر پتلو سمیت نو نامزد افراد اور 40 سے 45 نامعلوم افراد کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا۔
مسٹر پتلو کے خلاف ایف آئی آر نو نومبر کو درج کی گئی ہے (فوٹو: ایف آئی آر)
اس کے بعد یکم نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو 10 نومبر تک ملزم کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا، جبکہ عدالت نے ملزم کو 10 نومبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا تھا کہ شادی کی تقریب کے منتظمین نے سوشل میڈیا کے ذریعے موٹرسائیکلوں، کار اور دیگر قیمتی انعامات کی قرعہ اندازی کی تشہیر کر کے بڑی تعداد میں لوگوں کو مدعو کیا تھا۔
’تقریب کے دوران لاؤڈ سپیکر پر شرکاء کو بیک وقت گراؤنڈ میں داخل ہونے کا اعلان کیا گیا، جس کے نتیجے میں شدید بھگدڑ مچ گئی۔ منتظمین نے اجازت نامے کی شرائط اور حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’بھگدڑ کے دوران مین ڈسکہ سیالکوٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، جبکہ ہنگامہ آرائی اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچنے کے واقعات بھی پیش آئے۔‘