شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی تیاری، نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست
شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی تیاری، نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست
پیر 9 نومبر 2026 8:32
2025 میں انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں شیخ حسینہ کو سزائے موت سنائی گئی تھی: فائل فوٹو اے ایف پی
بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے جلاوطنی کے تقریباً دو سال بعد وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ کے حصول کی درخواست دی ہے۔
شیخ حسینہ کو عوامی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک چھوڑنا پڑا تھا۔
بنگلہ دیشی حکومت ان کی انڈیا سے حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، تاہم ماضی میں حکومت نے ان اطلاعات کو مسترد کیا تھا کہ وطن واپسی کے لیے انہیں نئی شناختی دستاویزات کی ضرورت ہے۔
شیخ حسینہ نے رواں ماہ خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ہر صورت دسمبر میں بنگلہ دیش جائیں گی۔
اے پی کے مطابق پیر کو لندن میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ سفارت کار کو ای میل کے ذریعے بھیجے گئے ایک خط میں شیخ حسینہ کے وکیل نے ان کے لیے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
شیخ حسینہ کے معاون ابو عبیدہ آرین نے اے پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ان کی وطن واپسی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سابق حکومت کی جانب سے دستاویزات منسوخ کیے جانے کے بعد محترمہ اپنی بنیادی شہری حیثیت اور حقوق بحال کرانے اور ضروری دستاویزات حاصل کرنے کی منتظر ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ دسمبر تک بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ یقیناً وطن واپس جائیں گی۔
بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
جمعرات کو نائب وزیر خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش انڈیا کے ساتھ حوالگی کے معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو واپس لانا چاہتا ہے۔ تاہم انڈیا انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرنے سے انکار کر چکا ہے۔
ہمایوں کبیر نے ڈھاکہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ہم چاہتے ہیں کہ حسینہ کو ہمارے حوالے کیا جائے اور ایسا ہو کر رہے گا۔ وہ دہشت گرد اور مفرور ہیں۔ بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان حوالگی کا باقاعدہ معاہدہ موجود ہے۔‘
شیخ حسینہ کو عوامی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک چھوڑنا پڑا تھا: فائل فوٹو اے ایف پی
یاد رہے کہ 5 اگست 2024 کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت ختم ہونے کے بعد بنگلہ دیشی فوج نے انہیں انڈیا منتقل کر دیا تھا۔
2025 میں ایک خصوصی ٹریبونل نے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں انہیں سزائے موت سنائی تھی۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ وہ مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دینے کی ذمہ دار تھیں، جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے اور اقوام متحدہ کے مطابق اس دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد تقریباً 1,400 تھی۔
شیخ حسینہ نے اپنے خلاف عائد الزامات مسترد کرتے ہوئے کسی بھی غلط کام میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے خصوصی ٹریبونل کے فیصلے کو بھی مسترد کیا اور مقدمے کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا ہے۔
شیخ حسینہ کی برطرفی کے بعد ایک عبوری حکومت نے ملک کا انتظام سنبھالا اور فروری میں عام انتخابات کرائے، جن میں ان کی جماعت عوامی لیگ کو حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ان انتخابات میں شیخ حسینہ کی دیرینہ سیاسی حریف کے بیٹے طارق رحمان نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور اقتدار سنبھالا ہے۔