سرد موسم میں فضا میں موجود ٹھنڈی ہوا گاڑیوں کے دھوئیں، صنعتی آلودگی اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کو زمین کے قریب روک لیتی ہے، جس سے شہر پر سموگ کی موٹی تہہ چھا جاتی ہے۔
سردیوں میں سموگ کی شدت شہریوں کی صحت اور روزمرہ زندگی کے لیے سنگین خطرہ بن جاتی ہے۔
اس کے باعث گلے میں خراش، آنکھوں میں جلن اور سانس کی بیماریاں جنم لے سکتی ہیں، جبکہ طویل عرصے تک آلودہ فضا میں رہنے سے فالج، دل کی بیماریوں اور پھیپھڑوں کے سرطان کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور میں باریک ذرات پی ایم کی موجودہ مقدار عالمی ادارہ صحت کی سالانہ تجویز کردہ حد سے 79.8 گنا زیادہ ہے۔
حکومت کے کئی برسوں سے سموگ کے مسئلے پر قابو پانے کے اقدامات کا کوئی خاص نتیجہ نہیں نکلا: فوٹو اے ایف پی
آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں منگولیا کا دارالحکومت اولان باتر 177 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے جبکہ انڈیا کا دارالحکومت نئی دہلی 174 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ انڈیا ہی کا شہر کولکتہ 173 اے کیو آئی کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھا۔
پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی مرکز اور ساحلی شہر کراچی کا اس فہرست میں 20واں نمبر رہا، جہاں اے کیو آئی 92 ریکارڈ کیا گیا، جسے معتدل درجے کی فضائی آلودگی قرار دیا جاتا ہے۔
پاکستان میں سموگ کا موسم عموماً اکتوبر کے آخری ہفتے میں شروع ہوتا ہے، نومبر سے جنوری کے دوران شدت اختیار کرتا ہے اور فروری تک جاری رہتا ہے۔
اکتوبر 2025 میں پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ انسدادِ سموگ گنز کا استعمال کیا تھا، جس سے شہر میں فضائی آلودگی کی سطح کم کرنے میں مدد ملی۔ اس کارروائی کے دوران خصوصی ٹرکوں کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی باریک پھوار چھڑکی گئی تاکہ گردوغبار اور آلودگی کے ذرات زمین پر بیٹھ سکیں۔
پاکستان کے بڑے شہری مراکز اکثر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل رہتے ہیں، جہاں گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔