راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان کی اننگز جاری، بابر، محمد طحہ اور طیب کی ففٹی
ں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے محمد طحہ 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے: تصویر اے ایف پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے۔
اس وقت پاکستان کی پہلی اننگز جاری ہے اور اب سے کچھ دیر پہلے اس نے چار وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے تھے جبکہ سعود شکیل اور سلمان آغا کریز پر موجود ہیں۔
پیر کو راولپنڈی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے طیب عارف، ثاقب خان، محمد طحہ اور عرفات مہناس نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔
پاکستان کی اننگز میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے 57 رنز بنائے جبکہ محمد طحہ 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم 54 گیندوں پر نصف سنچری سکور کر کے آؤٹ ہو گئے۔
ٹیسٹ شروع ہونے ایک دن پہلے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ ازسرِنو تشکیل دی گئی پاکستانی ٹیم پیر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف نئی شروعات کرے گی۔ یہ سیریز انگلینڈ کے خلاف بدترین شکست کے بعد پاکستان کی پہلی ٹیسٹ سیریز ہے۔
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز سے قبل پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 3-0 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس دورے کے دوران دوسرے ٹیسٹ کے بعد سات کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔
ستمبر میں ہونے والی بڑی تبدیلیوں کے دوران ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا، جبکہ وائٹ بال کوچ مائیک ہیسن کو ٹیسٹ سیٹ اپ کا حصہ بنایا گیا۔