آرامکو کے تعاون سے 10 ہزار پاکستانی طلبہ کو مفت روبوٹکس تربیت دینے کا پروگرام
آرامکو کے تعاون سے 10 ہزار پاکستانی طلبہ کو مفت روبوٹکس تربیت دینے کا پروگرام
پیر 9 نومبر 2026 12:12
پاکستان انوویشن کوئسٹ نامی اس پروگرام کا آغاز 15 جون کو کیا گیا تھا اور یہ 31 دسمبر تک جاری رہے گا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو کے تعاون سے شروع کیے گئے ایک پروگرام کے تحت رواں سال کے اختتام تک پاکستان کے کم آمدنی والے سکولوں کے 10 ہزار بچوں کو مفت روبوٹکس کی تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ منصوبہ کراچی میں قائم پاکستان کے پہلے خصوصی خلائی سائنس اور’سٹیم‘ (ایس ٹی ای ایم) تعلیمی مرکز پی آئی سپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے مرکز نے روبوٹ اولمپیاڈ ایسوسی ایشن کے ساتھ شراکت داری کی ہے جبکہ اس کی مالی معاونت آرامکو کر رہا ہے۔
پاکستان انوویشن کوئسٹ نامی اس پروگرام کا آغاز 15 جون کو کیا گیا تھا اور یہ 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔
پی آئی سپیس سائنس ایجوکیشن سینٹر کے چیف ایگزیکٹو اور شریک بانی زرتاج احمد نے بتایا کہ 10 ہزار بچوں میں سے تقریباً 40 فیصد طالبات کو شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ لڑکیوں کی ’سٹیم‘ تعلیم میں شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کے تربیت یافتہ انسٹرکٹرز سکولوں میں جا کر بچوں کو مفت روبوٹکس تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔
زرتاج احمد کے مطابق ’آرامکو کی معاونت نے مالی رکاوٹ دور کرنے میں مدد دی ہے، جس سے ہم سکولوں کو بلا معاوضہ روبوٹکس کی تعلیم فراہم کر پا رہے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ تربیت دینے والے اساتذہ اور ٹرینرز کے اخراجات ادارہ خود برداشت کرتا ہے کیونکہ وہ مختلف سکولوں میں جا کر عملی تربیتی سیشنز منعقد کرتے ہیں۔
5 نومبر کو جاری کردہ پروگرام اپ ڈیٹ کے مطابق اب تک 6 ہزار سے زائد بچوں اور 518 اساتذہ کو تربیت دی جا چکی ہے جبکہ کراچی، لاہور، حیدرآباد، گوجرانوالہ اور قصور سمیت 60 کے قریب تعلیمی ادارے اس پروگرام کا حصہ بن چکے ہیں۔
مائدہ نبیل نے کہا کہ ’یہ خیال طلبہ کے اپنے تجربات اور روزمرہ چیلنجز کو حل کرنے کے جذبے سے سامنے آیا۔‘ (فوٹو: میگنیفائی سائنس)
پروگرام میں سرکاری و نجی سکولوں، طالبات کے تعلیمی اداروں اور کم آمدنی والے طبقات کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت 100 روبوٹکس کٹس بھی ضرورت مند تعلیمی اداروں کو عطیہ کی جائیں گی۔
اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں میں ڈیف ریچ کے طلبہ بھی شامل ہیں، جو سماعت سے محروم بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے کام کرتا ہے۔
ٹرینر مائدہ نبیل نے لاہور اور جہلم میں ڈیف ریچ کے طلبہ کو روبوٹکس اور کوڈنگ کی تربیت دی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں منعقدہ سیشن میں 135 طلبہ نے شرکت کی۔
ان کے مطابق تربیت کے دوران طلبہ نے ایک ایسے روبوٹ کا تصور پیش کیا جو سماعت رکھنے والے افراد کو گونگے اور بہرے افراد کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد دے سکے۔
مائدہ نبیل نے کہا کہ ’یہ خیال طلبہ کے اپنے تجربات اور روزمرہ چیلنجز کو حل کرنے کے جذبے سے سامنے آیا۔‘
آرامکو کی یہ شمولیت ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ ایسوسی ایشن کے ساتھ اس کی عالمی شراکت داری کا حصہ ہے (فوٹو: میگنیفائی سائنس)
تربیتی سیشنز کے دوران اشاروں کی زبان کے ترجمانوں، بصری مظاہروں اور عملی سرگرمیوں کی مدد سے روبوٹکس اور کوڈنگ کے تصورات سمجھائے گئے۔
پروگرام میں اساتذہ کی تربیت بھی شامل ہے تاکہ تعلیمی ادارے بعد میں خود بھی روبوٹکس سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
آرامکو کی یہ شمولیت ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ ایسوسی ایشن کے ساتھ اس کی عالمی شراکت داری کا حصہ ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں اختراع، ٹیکنالوجی اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔