Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کی موت: قتل یا حادثہ، پولیس تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں قتل ہونے والی نجی نیوز چینل سے منسلک اینکر پرسن ربیعہ احسن کی موت کے کیس میں پولیس تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔
کیس کے تفتیشی افسر سید منتظر زیدی کا کہنا ہے ’اب تک کی تفتیش سے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ قتل تھا یا حادثہ، جبکہ مقدمہ واپس لینے کے حوالے سے بھی تاحال پولیس کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔‘
دوسری جانب راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے بھی اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’مقدمہ واپس لینے کے معاملے پر تاحال پولیس کو باضابطہ طور پر کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی۔‘
اُدھر مقتولہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کے بھائی اور مدعی مقدمہ خرم حمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے تاحال مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ روڈ پر اتوار کے روز قتل ہونے والی نجی نیوز چینل سے وابستہ اینکر ربیعہ احسن کے قتل کے دوسرے روز اس نوعیت کی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ ان کے خاندان نے مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم اردو نیوز کی جانب سے پیر کو اس معاملے پر جب ربیعہ احسن کے اہلِ خانہ اور پولیس سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے باضابطہ طور پر مقدمہ واپس لیے جانے کی تصدیق نہیں کی، اس واقعے کو تاحال حتمی طور پر قتل یا حادثہ بھی قرار نہیں دیا گیا۔
تفتیشی زاویوں سے یہ بات بھی سامنے آرہی ہے کہ تحقیقات کی پیشر فت کے بعد اگر حالات اس نہج پر پہنچے تو مدعی کی جانب سے مقدمہ واپس لینے کا امکان خارج از امکان نہیں۔
اس معاملے پر بات کرتے ہوئے تفتیشی افسر سید منتظر عباس نے اردو نیوز کو بتایا کہ اگرچہ میڈیا میں مقدمہ واپس لیے جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، لیکن پولیس کو اس حوالے سے تاحال کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا تفتیش میں کوئی ایسے شواہد ملے ہیں جن سے یہ قتل یا حادثہ معلوم ہو، تو ان کا کہنا تھا کہ بظاہر ایسی کوئی نیت (انٹینشن) سامنے نہیں آئی، تاہم تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ چونکہ یہ معاملہ اب عدالت میں جا چکا ہے، اس لیے اگر مقدمہ واپس لینے کی نوبت آئی بھی تو اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مقدمہ واپس لیے جانے سے متعلق تاحال پولیس کو کوئی رسمی یا باضابطہ اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔
دوسری جانب مقتولہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کے بھائی نے پیر کی شام میڈیا کو ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے تاحال مقدمہ واپس لینے کے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ پولیس کی تفتیش مکمل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔
ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ
اُدھر پیر کو راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ربیعہ احسن کے قتل کیس میں نامزد ملزم اور ان کے شوہر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اب تک کی پیش رفت سے بظاہر یہ تاثر مل رہا ہے کہ مدعی مقدمہ شاید اپنا مقدمہ واپس لے لیں، تاہم اس حوالے سے عدالتی یا پولیس کی سطح پر باضابطہ طور پر کوئی عمل آگے نہیں بڑھایا گیا۔
’بغیر میگزین اور بغیر لائسنس پستول‘
اردو نیوز کو پولیس کے تفتیشی ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ الماری سے گرم کپڑے نکالنے کے دوران جس 30 بور پستول سے گولی چلی، وہ نہ صرف بغیر لائسنس تھا بلکہ اس میں میگزین بھی موجود نہیں تھی۔
سامنے آنے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب سے گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی، جو اُن کی موت کا سبب بنی۔
پولیس کو ربیعہ احسن کے گھر کے ملازم اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے تاحال یہی بیانات دیے گئے ہیں کہ ربیعہ احسن اور ان کے شوہر محمد احسن کے درمیان کوئی گھریلو ناچاکی یا لڑائی جھگڑے کا معاملہ نہیں تھا۔
راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں 8 نومبر کو درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے بھائی اور مدعی مقدمہ خرم احمد نے پولیس کو بتایا کہ انہیں فون پر اطلاع دی گئی تھی کہ ربیعہ احسن کو اُن کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔
مدعی کے بیان کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لَت پَت اور فوت ہو چکی تھیں جبکہ اُن کے شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔

شیئر: