Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ میں شہری ترقی کے لیے جدید انفراسٹرکچر اور سرسبز مقامات پر توجہ

وژن 2030 کے تحت شہری ڈھانچے پر خصوصی توجہ دی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ جدید شہری ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ وژن 2030 کے اہداف کے تحت شہری بنیادی ڈھانچے میں بہتری، عوامی سہولیات میں اضافے اور ماحول دوست منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہر میں شاہراہوں اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو وسعت دینے کے علاوہ عوامی مقامات اور سبزہ زاروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے منصوبوں پر عمل درآمد بھی جاری ہے۔
رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ اور مشاعرمقدسہ کی جانب سے شہر کی ترقی کے لیے سٹریٹیجک منصوبہ بندی اور مختلف اداروں کی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ شہری انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں، پلوں، روشنی کے نظام، پارکوں اور عوامی سہولیات کی بہتری کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔
بلدیاتی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہرِ مقدس میں روڈ نیٹ ورک کی مجموعی لمبائی آٹھ ہزار کلومیٹر سے زیادہ ہے جبکہ مشاعر مقدسہ  کی شاہراہیں 595 کلومیٹر سے زائد طویل ہیں۔
شہر میں ایک لاکھ 45 ہزار جبکہ مشاعر مقدسہ میں پانچ ہزار سٹریٹ لائٹس نصب ہیں۔ لوگوں کی آمد و رفت کے امور کو آسان بنانے کے لیے مکہ مکرمہ میں 211 پل، 62 واک ویز، گاڑیوں کے لیے انڈر پاسز اور 20 پیدل چلنے والوں کے لیے پل موجود ہیں۔
مکہ مکرمہ شہری علاقوں کی حدود میں عوامی پارکوں کی تعداد 294 ہے جبکہ عوامی چوراہوں، پارکوں اور بچوں کے کھیل کے میدانوں کا مجموعی رقبہ 20 لاکھ مربع میٹر سے زیادہ ہے۔

ان منصوبوں میں سبزہ زاروں میں اضافہ، تفریحی و کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی اور شہری ماحول کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ مکہ مکرمہ کے تاریخی مقامات، قدیم بازاروں اور آثار کے تحفظ کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ شہر اپنی تاریخی و مذہبی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔

 

شیئر: