Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جزائر فرسان کے پانیوں سے ابھرنے والے ’قندل‘ کے درخت ماحولیاتی توازن کے لیے اہم

قندل کے درخت سمندری پانی سے ابھرتے ہیں جو مینگروو کی ایک قسم ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جزائر فرسان میں قدرت اور انسان کے مابین نسلوں سے قائم ہونے والا ایسا تعلق ہے جس کی بنیاد توازن، احترام اور باہمی ہم آہنگی پر ہے۔
جزیرے کے باسی اس حقیقت سے آشنا ہیں کہ سمندر کے قدرتی وسائل اور زمین پر پھیلے درخت وجنگلی حیات ان کے لیے محض ذریعہ معاش ہی نہیں بلکہ ایک امانت بھی ہیں جن کا تحفظ آنے والی نسلوں کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فرسان مملکت کا پہلا قدرتی محفوظ علاقہ ہے جسے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت کے عالمی حیاتیاتی ذخائر کے نیٹ ورک میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ اعزاز جزیرے کے ماحولیاتی نظام، حیاتیاتی تنوع اور اس منفرد طرزِ عمل کا عالمی اعتراف ہے جس میں قدرتی ماحول کا تحفظ مقامی آبادی کے استحکام اور پائیدار طرزِ زندگی کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
سمندر کے پانی سے فضا میں بلند ہونے والے ’قندل‘ کے جنگلات سے لے کر ساحلی علاقوں تک  جہاں سمندری حیات اور پرندوں کے محفوظ مسکن ہیں، ہر جزو قدرتی نظام کے تسلسل اور توازن کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
مقامی طور پر ’قندل‘ کہلانے والے یہ درخت جو سمندری پانی سے ابھرتے ہیں مینگروو کی ایک قسم ہے۔ اس درخت کی نمایاں خصوصیت نمکین ساحلی ماحول میں نشوونما پانے کی ہے۔

جزائر فرسان میں اس کی موجودگی اہم ہے جہاں یہ مخصوص نباتاتی غلاف کے حامل علاقوں میں پایا جاتا ہے ان میں جزیرہ ’زفاف‘ شامل ہے جو بحیرہٴ احمر کے جنوبی حصے میں قندل کے درختوں کا اہم مقام ہے۔
قندل کے درخت کی انفرادیت صرف اس کی اس صلاحیت تک محدود نہیں کہ وہ پانی سطح اور نمکیات میں تبدیلی کے باوجود زندہ رہ سکتا ہے بلکہ اس کی مضبوط جڑیں بھی اسے دیگر درختوں سے ممتاز بناتی ہیں۔ اس کی جڑیں مٹی کو مضبوط بنانے اور ساحلی کٹاؤ کو روکنے میں مدد دیتی ہیں۔
اس کے ساتھ یہ کاربن کے ذخیرے اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ماحولیاتی نظام کی قوت کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

قومی مرکز برائے فروغ جنگلی حیات کے مطابق جزائر فرسان میں ان جنگلات کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہ علاقہ خشکی اور سمندر دونوں کی طرح کی متنوع جنگلی حیات سے مالا مال ہے۔
یہاں مینگروو کے جنگلات، سمندری گھاس کے میدان اور مرجانی چٹانیں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے قدرتی نظام کا حصہ ہیں۔

 ان جنگلات کا تحفظ بیک وقت ماحولیاتی اورترقیاتی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے سیاحتی سرگرمیوں کو منظم کرتے ہوئے قدرتی مساکن کی حساسیت کو مدنظر رکھنا اور ایسے عوامل کی روک تھام ضروری ہے جو درختوں کی جڑوں یا زمین کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
 قندل کے جنگلات اب ماحول دوست سیاحت کا ایک اہم مقام بن چکے ہیں۔ سیاحوں کو کشتی کی سیر کے ذریعے درختوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے بل کھاتے  آبی راستوں میں ماحولیاتی نظام کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

 

 

شیئر: