بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت کا ہیرو بننے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کارکردگی صفر ہے: طلال چودھری
بلاول بھٹو نے منگل کو کراچی پریس کلپ میں میٹ دی پریس میں حکومت پر تنقید کی تھی (فوٹو: پی پی پی)
پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جمہوریت صرف تقریریں کرنے اور آئین کے آرٹیکلز کی تشریح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس میں کارکردگی اور گورننس بھی ضروری ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علما اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نظریاتی طور پر آئین اور جمہوریت کا ہیرو بننے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن جب عمل کی بات آتی ہے تو کارکردگی صفر دکھائی دیتی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ’کل بلاول بھٹو نے دھواں دھار تقریر کی، وہ آئین بنانے کے چیمپئن بنتے ہیں، لیکن عملی طور پر جمہوریت کے لیے ان کی کارکردگی صفر ہے۔‘
’پیپلز پارٹی سب سے زیادہ حکومتیں کر چکی ہے، لیکن تاثر ایسے دیتی ہے جیسے اس کا حکومت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ تین صوبوں میں آپ کی حکومت ہے، صدر پاکستان آپ کے والد ہیں اور 70 فیصد حکمرانی آپ کی ہے۔‘
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آئین پر عمل درآمد کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے، جبکہ آئین میں ترامیم وقت اور حالات کے تقاضوں کے مطابق کی جاتی ہیں۔ بہتر گورننس اور عوام کے حالات بہتر بنانے کے لیے ماضی میں بھی آئینی تبدیلیاں ہوتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان قائم و دائم رہے گا اور حالات کے مطابق آئینی عمل آگے بڑھتا رہے گا۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل منگل کو بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے ملاقات کی تھی جہاں انہوں نے جاری صورتحال پر کھل کر بات کرتے ہوئے بعض حکومتی پالیسیز پر تنقید کی تھی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ’190 ملین کی سب سے بڑی چوری ہوئی، جس کے ملزمان سے پیسے گھروں اور ان کی زمینوں سے برآمد ہوئے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملزمان نے عدالت میں بھی وہی طریقہ اختیار کیا جو کوئی سائیکل چور صحت اور موسم کے بہانے تاخیر کے لیے اختیار کرتا ہے، جبکہ ایک مرتبہ پھر مقدمے کی سماعت ملتوی کرانے کے لیے بہانے بازی کی گئی۔‘
پریس کانفرنس کے دوران طلال چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے متعلق بھی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ’مولانا فضل الرحمان پر پہلا حملہ گورنر خیبرپختونخوا نے کیا تھا، وہ ان پر ایک بار نہیں بلکہ روزانہ تنقید کرتے ہیں۔‘
وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں کوئی لیڈر یا حکومت قانون سے بالاتر نہیں، مولانا فضل الرحمان سے چند سادہ سوالات کیے گئے ہیں جن کا انہیں جواب دینا ہوگا۔
ان کے بقول، ’جن کی داڑھی ہے ان پر ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے، ایک روپیہ یا ایک لقمے کی ناجائز کمائی کا الزام لگے تو جواب دینا ضروری ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھیوں اور صاحبزادوں کے اثاثوں سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں، اس لیے ان سوالات کا جواب دینا چاہیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مولانا فضل الرحمان پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا بلکہ آئین اور قانون کے مطابق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔‘
