’جاوید اختر سے احترام رہے گا مگر ایک گِلہ بھی‘، پوڈکاسٹ میں علی ظفر کے اہم انکشافات
’جاوید اختر سے احترام رہے گا مگر ایک گِلہ بھی‘، پوڈکاسٹ میں علی ظفر کے اہم انکشافات
بدھ 18 نومبر 2026 14:55
علی ظفر نے کہا کہ انہیں جاوید اختر کے پاکستان سے متعلق متنازع بیان کا اس ملاقات سے پہلے علم نہیں تھا۔(فوٹو:انسٹاگرام)
پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے معروف انڈین شاعر جاوید اختر کو اپنے گھر مدعو کرنے اور ان کے متنازع بیان سے لاعلم ہونے کے معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا علم اگلے روز سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھ کر ہوا تھا۔
یوٹیوب پر اداکار وسیم عباس کے پوڈکاسٹ ’اَن سینسرڈ وِد وسیم عباس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے جاوید اختر سے ملاقات اور اس تنازع کے علاوہ بالی وڈ میں اپنے تجربات، موسیقی کے ابتدائی دنوں، صحت اور زندگی سے متعلق کئی اہم انکشافات کیے۔
علی ظفر نے بتایا کہ جاوید اختر نے انہیں فون کرکے کہا تھا کہ وہ خاص طور پر ان سے ملنے آرہے ہیں۔ اس وقت جاوید اختر فیض احمد فیض کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان آئے ہوئے تھے۔
علی ظفر کے مطابق ’مجھے بہت اعزاز محسوس ہوا کہ جاوید اختر صاحب فیض صاحب کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آئے تھے اور مجھ سے ملنا چاہتے تھے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران جاوید اختر نے گھٹنوں میں درد کی وجہ سے زمین پر بیٹھنے سے معذرت کی تو ان کے لیے کرسی کا انتظام کیا گیا۔ اس موقع پر موسیقی اور شاعری بھی ہوئی اور محفل خوشگوار رہی۔
علی ظفر نے کہا کہ انہیں جاوید اختر کے پاکستان سے متعلق متنازع بیان کا اس ملاقات سے پہلے علم نہیں تھا۔ اگلے روز سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ویڈیو دیکھی تو انہیں صورت حال کا پتا چلا۔
ان کے مطابق ’اگر مجھے پہلے معلوم ہوتا تو شاید میں اس پر اعتراض کرتا یا ان سے کہتا کہ یہ بات درست نہیں اور آپ کو اس پر معذرت کرنی چاہیے۔‘
علی ظفر نے کہا کہ کسی مہمان کی جانب سے پورے ملک کے بارے میں عمومی اور منفی بات کرنا مناسب نہیں تھا اور یہ مؤقف حقائق کے مطابق بھی نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بعد میں جاوید اختر کا فون بھی آیا اور انہوں نے کہا کہ ’میاں، یہ ہو گیا۔‘ جاوید اختر نے انہیں بیان جاری کرنے کا اختیار بھی دیا تھا، تاہم علی ظفر کے بقول وہ لوگوں کو مطمئن کرنے کے لیے کوئی بناوٹی بیان نہیں دینا چاہتے تھے۔
علی ظفر نے کہا کہ ’جاوید اختر کا بحیثیت شاعر اور فنکار احترام رہے گا، لیکن ایک گلہ بھی رہے گا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ کسی دانشور یا شاعر کو کسی پوری قوم کے بارے میں ایسی عمومی بات نہیں کرنی چاہیے جس سے لوگوں کی دل آزاری ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ انڈیا میں کام کے دوران انہیں وہاں کے لوگوں سے بہت محبت ملی اور آج بھی ان کے کئی دوست موجود ہیں۔
ان کے مطابق ’آپ چند لوگوں کے رویے کی وجہ سے سب کو ایک ہی نظر سے نہیں دیکھ سکتے۔‘ انہوں نے دہلی اور چندی گڑھ میں اپنے مداحوں کی محبت کا بھی ذکر کیا۔
پاکستان اور انڈیا کے تعلقات کے حوالے سے علی ظفر نے کہا کہ دونوں ملک جوہری طاقتیں ہیں اور جنگ کی صورت میں اس کے نتائج پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوسکتے ہیں۔
ان کے بقول ’دو جوہری ریاستوں میں جنگ ہوئی تو پھر دونوں میں سے کسی کا بھی کچھ نہیں بچے گا۔‘ انہوں نے تجارت، بہتر تعلقات اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
بالی وڈ میں اپنے کام کے بارے میں بات کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ ان کی پہلی انڈین فلم ’تیرے بن لادن‘ تھی۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران 26 نومبر 2008 کو ممبئی میں دہشت گرد حملے ہوئے، جبکہ فلم کی شوٹنگ کے چند دن باقی تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی انہیں اندازہ تھا کہ سیاسی حالات کی وجہ سے انڈیا میں ان کا کام متاثر ہوسکتا ہے، اس لیے بالی وڈ کو انہوں نے اپنے کیریئر کا ایک اضافی باب سمجھا، واحد ذریعہ نہیں۔
علی ظفر نے بتایا کہ ’تیرے بن لادن‘ کے بعد فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں کام کیا اور انہیں وہاں بھی اچھا ردعمل ملا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس سے پاکستانی فلم بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ’طیفا اِن ٹربل‘ کے دوسرے حصے پر بھی کام جاری ہے اور ان کی کوشش ہے کہ اسے جلد شائقین کے سامنے پیش کیا جائے۔
گلوکاری کے ابتدائی دور کا ذکر کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس میں تعلیم کے دوران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے ایک ہوٹل میں لوگوں کے خاکے بنائے۔ اس زمانے میں وہ اسٹوڈیوز کے چکر بھی لگاتے رہے۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ان کے گانے اسٹوڈیو سے چوری ہوئے اور ایک دھن کسی دوسرے شخص کو فروخت کردی گئی تھی۔
علی ظفر کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جس میں ان کی خلیاتی عمر حقیقی عمر سے 13 برس کم سامنے آئی۔(فوٹو:ویڈیو گریب)
علی ظفر کے مطابق ان کے البم ’حُقّہ پانی ‘ کی تقریباً 50 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں، جس نے ان کے موسیقی کے کیریئر کو نئی سمت دی۔
اپنی صحت اور کم عمری دکھائی دینے کے حوالے سے علی ظفر نے بتایا کہ ان کے دن کا آغاز مراقبے اور ورزش سے ہوتا ہے اور وہ ایک مخصوص غذا بھی استعمال کرتے ہیں۔
ان کے بقول انہوں نے امریکہ میں ایک کمپنی سے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جس میں ان کی خلیاتی عمر حقیقی عمر سے 13 برس کم سامنے آئی۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ مخصوص غذا اور روزمرہ معمولات کے ذریعے انہوں نے 40 دن میں اپنا بڑھا ہوا کولیسٹرول کم کیا۔
علی ظفر نے کہا کہ صحت کا خیال رکھنا، مثبت سوچ اور ورزش ان کی زندگی کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
پوڈکاسٹ کے اختتام پر علی ظفر نے اپنے البم ’روشنی‘ کا ذکر کیا، جو دسمبر 2025 میں ریلیز ہو چکا ہے، اور بتایا کہ وہ نئے گانوں سمیت موسیقی پر بھی کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے ڈرامے ’جب تو یاد آئے‘ کے لیے گائے گئے او ایس ٹی کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کنسرٹس بھی جاری ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ کے دوسرے حصے پر بھی کام ہو رہا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ اسے جلد شائقین کے لیے ریلیز کیا جائے۔