Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کیس: ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

8 نومبر کو اینکر ربیعہ احسن گولی لگنے سے ہلاک ہو گئی تھیں: فائل فوٹو ایکس
ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کیس میں ان کے شوہر ملزم احسن طاہر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
بدھ کو پولیس حکام نے ملزم احسن طاہر کا نو دن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہو نے پر راولپنڈی کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔
سماعت کے دوران پولیس حکام نے بتایا کہ ریمانڈ کے دوران ملزم کا ڈی این اے اور پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا گیا۔
پولیس کے مطابق  پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ ابھی نہیں آئی ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی۔ 
عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمناڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ اس سے پہلے کیس کے تفتیشی افسر سید منتظر زیدی نے کہا تھا کہ ’اب تک کی تفتیش سے یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ قتل تھا یا حادثہ۔‘
یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ ربیعہ احسن کے خاندان نے مقدمہ واپس لے لیا ہے تاہم راولپنڈی پولیس کے ترجمان سجاد الحسن نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’مقدمہ واپس لینے کے معاملے پر تاحال پولیس کو باضابطہ طور پر کسی قسم کی اطلاع نہیں دی گئی۔‘
سامنے آنے والی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب سے گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی جو اُن کی موت کا سبب بنی۔
پولیس کو ربیعہ احسن کے گھر کے ملازم اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کی جانب سے تاحال یہی بیانات دیے گئے ہیں کہ ربیعہ احسن اور ان کے شوہر محمد احسن کے درمیان کوئی گھریلو ناچاکی یا لڑائی جھگڑے کا معاملہ نہیں تھا۔
راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں آٹھ نومبر کو درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق متوفیہ کے بھائی اور مدعی مقدمہ خرم احمد نے پولیس کو بتایا کہ انہیں فون پر اطلاع دی گئی تھی کہ ربیعہ احسن کو اُن کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔
مدعی کے بیان کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لَت پَت پڑی تھیں اور فوت ہو چکی تھیں جبکہ اُن کے شوہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔

شیئر: