Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماحولیاتی سیاحت کا فروغ: سعودی نیچرل ریزرو میں العرمہ سیزن کا آغاز

سیزن نومبر 2026 سے شروع ہو کر اپریل 2027 تک جاری رہے گا (فوٹو: ایس پی اے)
امام عبدالعزیز بن محمد نیچرل ریزرو ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے ماحولیاتی سیاحت کے فروغ کے لیے ’العرمہ  ایکو ٹورازم سیزن‘ کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ سیزن نومبر 2026 سے شروع ہو کر اپریل 2027 تک جاری رہے گا۔
اس سیزن میں متعدد سرگرمیاں اور ایونٹس شامل ہوں گے۔ خوبصورت قدرتی مناظر کے درمیان ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد یکجا ہوں گے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے یہ سیزن فیملیز کے لیے بہترین تجربات اور متنوع مہم جوئی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد امام عبدالعزیزبن محمد اور کنگ خالد رائل ریزرو کو جامع سیاحتی مقامات کے طو رپر متعارف کرانا ہے۔

سیزن کے دوران سرگرمیوں میں کیمپنگ، سفاری ٹورز، ہائیکنگ، تفریح ٹور، ستاروں بھر آسمان کے خوبصورت نظارے، کھلی فضا میں کوکنگ پروگرام، اہل بادیہ کی طرزِ زندگی کا تجربہ اور بہت کچھ شامل ہوگا۔
مہم جوئی اور سپورٹس کے شوقین افراد کے لیے پہاڑی راستوں پر سائیکلنگ، تیر اندازی اور کھلی فضا میں والی بال اور ٹیبل ٹینس کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

دیگر سرگرمیوں میں سیاحتی دورے، تفریحی و تعلیمی سرگرمیاں اور فوٹوگرافی کے حوالے سے معلوماتی ورکشاپس بھی پروگرام کا حصہ ہیں تاکہ وزیٹرز کا تجربہ مزید یاد گار بن سکے۔
خیال رہے ’عرمہ‘ سیزن کا چھٹا ایڈیشن ماحولیاتی سیاحت کے شعبے کو مستحکم کرنے اور قدرتی سیاحتی تجربات کو فروغ دینے کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

 

شیئر: