کنگ سلمان ریزرو میں عربی غزال کے دو بچوں کی پیدائش ریکارڈ
اتھارٹی مختلف پروگرام اور اقدامات پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
کنگ سلمان رائل ریزرو میں ماہ رواں عربی غزال کے دو بچوں کی پیدائش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی طور پرہرن کی اس نسل کو ’الادمی‘ کہا جاتا ہے۔
ایس پی کے مطابق یہ اقدام ریزرو میں جنگلی حیات کو دوبارہ متعارف کرانے کے پروگرام کے نفاذ، حیاتیاتی تنوع کو بڑھانے اور اس کے ماحولیاتی توازن کو بحال کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
عربی غزال کا شمار ان انواع میں سے ہے جنہیں افزائش نسل کے پروگرام میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اسے بین الاقوامی یونین برائے تحفظ فطرت کی ’ریڈ لسٹ‘ میں درج انواع میں شمار کیا گیا ہے۔
اسے اس لیے بھی اہمیت دی جارہی ہے کہ عام طور پر عربی غزال کی مادہ عموما ایک وقت میں ایک بچے کو جنم دیتی ہے۔ دو بچوں کی پیدائش انواع کے تحفظ کے لیے اہم ہیں۔
رائل ریزرو میں سال 2024 کے دوران عربی غزال کی افزائشِ نسل ریکارڈ کی گئی تھی۔ حالیہ پیدائش جنگلی انواع کی دیکھ بھال اور قدرتی مسکن میں دوبارہ آباد کرنے کی کوششوں کا تسلسل ہیں۔ اس کا مقصد اس نسل کی آبادی کو مستحکم کرنا اور قدرتی ماحول میں افزائش کے امکانات کو بڑھانا ہے۔

کنگ سلمان رائل ریزرو اتھارٹی جنگلی حیات کے تحفظ، قدرتی مسکن کی بحالی اور مقامی انواع کو ان کے اصل ماحول میں دوبارہ آباد کرنے کے لیے مختلف پروگرام اور اقدامات پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
