ریاض سیزن میں چار نئے زون، ازبکستان، ہالینڈ، پرتگال اور یمن کی ثقافت کے رنگ شامل
جمعرات 19 نومبر 2026 7:27
بولیوارڈ ورلڈ کی نمایاں خصوصیات اس کے متنوع تفریحی تجربات ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
ریاض سیزن کے ’بولیوارڈ ورلڈ‘ میں چار نئے زون ازبکستان، ہالینڈ، پرتگال اور یمن کی نمائندگی کرتے ہیں۔ نئے زونز سے تفریحی مقام کے بین الاقوامی ثقافتی مقامات کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا۔
ایس پی اے کے مطابق ان زون میں ان علاقوں کے فنِ تعمیر، فنون لطیفہ، ثقافتی ورثے، روایتی پکوان اور تفریحی مواقع کو پیش کیا گیا ہے۔
چار زونز کا اضافہ ’بولیوارڈ ورلڈ‘ کی مسلسل توسیعی عمل کا حصہ ہے جو ریاض سیزن کے مقبول ترین اور پرکسس مقامات میں اپنی حیثیت مستحکم کررہا ہے۔
یہاں پیش کیے جانے والے متنوع ثقافتی اور تفریحی تجربات وزیٹرز کو دنیا کے مختلف ممالک کی سیر اور وہاں کے نمایاں تاریخی و ثقافتی مقامات کو ایک ہی جگہ پر روشناس کرانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ازبکستان کے زون میں ملک کے مشہور سیاحتی و ثقافتی مناظر کو نمایاں کیا گیا ہے۔ روایتی فن تعمیر کی جھلک فیروزی اورگہرے نیلے رنگوں کی آرائش اور ازبک فنون میں مشہور سوزانی کشیدہ کاری کے ذریعے پیش کی گئی ہے۔ یہ خوبصورت نقش ونگار ازبکستان کے قدیم تہذیبی ورثے فنون اور تاریخی روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔

ہالینڈ کے زون میں اس ملک کے مشہور سیاحتی مقامات کو نمایاں کیا گیا۔ ہوا سے چلنے والی چکیاں، آبی نہریں اور ٹیولپ کے پھولوں کے کھیت شامل ہیں۔
زون میں روایتی یورپی طرزِ تعمیر اور جدید آرائش کا امتزاج پیش کیا گیا ہے جس سے وزیٹرز کو ڈچ طرزِ زندگی کے مختلف پہلووں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

پرتگال کا زون دارالحکومت لزبن کی رنگا رنگ گلیوں اور منفرد تعمیراتی حسن کی جھلک پیش کرتا ہے۔ یہاں پرتگال کے مشہور آرائشی ٹائلوں کے فن کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
چوتھا زون یمن کا ہے جہاں ملک کے مستند ثقافتی ورثے اور قدیم تہذیب سے روشناس کرایا جاتا ہے۔ یمنی فنون روایتی رنگوں اور قدیم طرزِ تعمیر سے متاثرہ ماحول کو ترتیب دیا گیا ہے جو صدیوں پر محیط یمنی تہذیب کی مختلف خصوصیات کو نمایاں کرتا ہے۔

خیال رہے بولیوارڈ ورلڈ کی نمایاں خصوصیات اس کے متنوع تفریحی تجربات ہیں جو صرف مختلف ممالک کی ثقافتوں سے متاثرہ زونز تک محدود نہیں بلکہ یہاں تفریح، سپورٹس، مہم جوئی کی سرگرمیاں بھی ہیں۔
